• news

کرونا: کمشنر آر ٹی او اسلام آ باد سمیت110 جاں بحق،پیر جمعہ کو نہم سے بارہویں کلاسز ہونگی

اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ ( نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+بیورو رپورٹ+ شنہوا)  ملک بھر میں کرونا وائرس سے مزید 110 افراد جاں بحق، تعداد 15ہزار 982 ہوگئی۔ کیسز کی تعداد7لاکھ 45 ہزار 182ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق4 ہزار 123 نئے کیسز رپورٹ، ملک میں 64 ہزار 481 نئے ٹیسٹ کئے گئے، 6 لاکھ 50ہزار 775 مریض صحتیاب ہوچکے۔ چیف کمشنر آر ٹی او اسلام آباد ڈاکٹر شمس الہادی انتقال کر گئے۔ ایف بی آر حکام کے مطابق  ڈاکٹر شمس الہادی دو ہفتے سے کرونا وائرس کا شکار تھے۔ نماز جنازہ رات بارہ بجے حیات آباد پشاور میں ادا کر دی گئی۔خیبر پی کے میں بھی 4 کلاسز کیلئے سکول کھل گئے۔ صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے ٹوئٹر پر بتایا کہ 19 اپریل کو نویں‘ دسویں‘ گیارہویں اور بارہویں کلاسز کے لئے سوموار اور جمعرات کو سکولز کھولے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 13 اضلاع کے سرکاری و پرائیویٹ سیکٹر 19 اپریل سے سکول کھولنے کے مجاز ہوں گے۔ جن اضلاع میں سوموار و جمعرات کو سکول کھلیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ لاہور‘ راولپنڈی‘ فیصل آباد‘ شیخوپورہ‘ گوجرانوالہ‘ سیالکوٹ‘ ملتان‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ سرگودھا ‘ بہاولپور‘ رحیم یار خان‘ ڈی جی خان میں سکولز کھولے جائیں گے۔ کراچی میں کرونا وائرس کی برطانوی اور جنوبی افریقی اقسام کی موجودگی کی تصدیق ہو گئی۔ ڈاکٹر اقبال چودھری نے بتایا کہ کراچی کے مختلف علاقوں سے 75 افراد کو نمونے لئے گئے تھے جن میں برطانوی اقسام کے 50 کیسز سامنے آئے جب کہ 25 کیسز میں کرونا وائرس کی جنوبی افریقی اقسام کی تصدیق ہوئی۔ الائیڈ ہسپتال میں کرونا کے مزید 5 مریض جاں بحق‘ ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دیں۔ بھارت میں پابندیاں سخت کر دی گئیں‘ نئی دہلی میں رات کے کرفیو کی خلاف ورزی پر 2 ہزار 484 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ بھارت میں 1185 نئی اموات ہو گئیں۔ بھارت میں ایک بار پھر ایک دن میں کرونا کے ریکارڈ 2 لاکھ 17 ہزار سے زائد کیسز ریکارڈ ہوئے۔ کرونا سے نجات کیلئے جمعہ کو یوم توبہ و استغفار کے طورپر منایا گیا۔ توبہ و استغفار کا بھی اہتمام کیا گیا۔ دنیا بھر  میں ہلاکتیں2999377ہو گئیں، کیسز 13 کروڑ 96 لاکھ 73 ہزار سے تجاوز کر گئے۔ پاکستان کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک میں مزید 4 درجے نیچے چلا گیا اور  35 ویں نمبر سے 31 ویں نمبر پر آگیا، پاکستان میں کرونا کے باعث 61 سے 70 سال کی عمر کے افراد کی سب سے زیادہ اموات ہوئیں۔بھارت کی وفاقی حکومت نے یادگاروں‘ تفریحی مقامات اور عجائب گھروں کو 15 مئی تک بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کرونا وائرس کے 2 لاکھ 17 ہزار 353 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو ایک دن میں ہونیوالا سب سے زیادہ اضافہ ہے اور بیماری کے باعث 1 ہزار 185 اموات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ محکمہ داخلہ سندھ اور بلوچستان  نے کرونا ایس او پیز میں توسیع اور نئی پابندیوں سے متعلق حکم نامہ جاری کردیا ہے۔ نئی پابندیوں کا نفاذ 16 مئی تک رہے گا۔ تجارتی سرگرمیاں اب جمعے کی جگہ ہفتہ اور اتوار مکمل بند ہوں گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ بھر کی مارکیٹیں اور تجارتی مراکز سحری سے شام 6 بجے تک کھلنے کی اجازت ہوگی جبکہ ہفتہ اور اتوار کو تمام تجارتی وکاروباری مراکز مکمل بند رہیں گے۔ محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق ہفتے اور اتوار کو اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھولنے کی اجازت ہوگی۔ 16مئی تک سیاسی، ثقافتی، سماجی اور کھیلوں کی ہر طرح کی سرگرمیوں پرپابندی ہوگی۔ ریسٹورنٹس  میں ان ڈور ڈائننگ کی فراہمی پر مکمل پابندی جبکہ آئوٹ ڈور کھانوں کی ٹائمنگ افطاری کے بعد سے رات 12 بجے تک ہوگی اور ہفتے اور اتوار کو بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی۔

ای پیپر-دی نیشن