• news

شولت ترین وزیر خزانہ، 5 وزراء کے محکمے تبدیل

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں رد وبدل کردیا۔ پانچ وزراء کے قلمدان تبدیل کئے گئے ہیں جبکہ کابینہ میں ایک نئے چہرے کا بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ممتاز ماہر معاشیات شوکت ترین کو وفاقی وزیر خزانہ بنایا گیا ہے جبکہ انہیں ریونیو کی ذمہ داریاں بھی سونپی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اپنے صوابدیدی اختیارات کے تحت کسی بھی شخص کو 6 ماہ کے لئے وزیر مقرر کرسکتے ہیں اور انہی اختیارات کے تحت شوکت ترین کو وزیر خزانہ کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ اس مدت کے دوران انہیں سینیٹر بنانے یا الیکشن لڑانے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر حماد اظہر سے صرف 18 روز بعد ہی وزارت خزانہ کا قلمدان واپس لے لیا  ہے اور انہیں وزیر توانائی بنا دیا گیا ہے۔ جبکہ خسرو بختیار کی وزارت بھی تبدیل کردی گئی ہے اور ان سے اکنامک افیئرز کی وزارت لے کر صنعت و پیداوار کی وزارت دی گئی ہے۔ وزیر توانائی عمر ایوب کی وزارت تبدیل کرکے اقتصادی امور  کا وزیر بنایا گیا ہے۔ جبکہ سینیٹر شبلی فراز کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے۔ فواد چودھری سے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی وزارت لے کر انہیں وزارت اطلاعات کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ میں وزیراعظم کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے مجھے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں کام کرنے کا موقع فراہم کیا۔ مجھے اس بات کا ادراک ہے کہ اگر کوئی وزارت پاکستان کی تقدیر بدل سکتی ہے تو وہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی ہے۔ مجھے امید ہے کہ مستقبل میں ہم وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں ضم کر دیں گے اور پاکستان کو علم کی معیشت کے ایک مرکز میں تبدیل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ شبلی فراز کے ساتھ بطور وزیر میں وہاں شروع کئے گئے ٹاسک سے وابستہ رہوں گا۔ بطور وزیر اطلاعات میرا کام پاکستان کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرنا اور نیا پاکستان بنانے کے لئے حکومت کی متحرک کوششوں کو اجاگر کرنا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن