• news

وٹس ایپ سمیت سوشل میڈیا پلیٹ فارم کئی گھنٹے بند، احتجاج کی اطلاعات تھیں: شیخ رشید

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار ‘نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں 4 گھنٹے تک بند رہنے کے بعد سوشل میڈیا بحال کردیا گیا۔ حکومت نے 11 سے 3 بجے تک ملک میں سوشل میڈیا پر عارضی پابندی لگائی اور اس حوالے سے پی ٹی اے کو سوشل میڈیا سائٹس بند کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ فیس بک، واٹس ایپ، یوٹیوب، ٹوئٹر، ٹیلی گرام، ٹک ٹاک سروسز کچھ دیر کے لئے معطل کی گئیں، اور تمام سوشل میڈیا سائٹس سہ پہر 3 بجے کے بعد دوبارہ کھولی گئیں۔ حکومت کو نمازجمعہ کے بعد ٹی ایل پی کے کارکنوں کے احتجاج کا خدشہ تھا، جس پر وزارت داخلہ نے 11 سے 3 بجے تک سوشل میڈیا بلاک کرنے کے احکامات جاری کیے، اور  پی ٹی اے کو ٹوئٹر، فیس بک، واٹس ایپ سمیت دیگر پلیٹ فارمز کو بلاک رکھنے کی ہدایت جاری کردی گئیں۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ معذرت خواہ ہوں 3 گھنٹے کیلئے سوشل میڈیا کو بند رکھا۔ جمعہ پرسکون گزرا۔ پولیس رینجرز اور انتظامیہ کو مبارکباد دیتا ہوں۔ آئندہ سے سوشل میڈیا بند نہیں کریں گے۔ اشتعال انگیزی پھیلانے والوں کو شکست ہوئی۔ آکسیجن کے ٹرک روکنے والوں کو شکست ہوئی۔ ان کی کال ایسی تھی کہ شاید مذہبی تنظیم کے لوگ جمعہ کے بعد نکلیں۔ یہ لوگ باہر نہیں نکلے۔ ان کے بنک اکاؤنٹس‘ شناختی کارڈز‘ پاسپورٹ بند کریں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن