• news

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل کمی نیشن فائنل کرلیں گے: بابر اعظم

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ جیت پرخوشی ہے، ٹیم کے تمام ممبران نے اپنا کردار ادا کیا، یہ کسی ایک کھلاڑی کا کام نہیں، پوری ٹیم کی کوشش ہے۔سنچورین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ مینجمنٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے کافی اچھا انتظام کیا۔ رضوان اور فخر نے اچھا کھیل پیش کیا۔  سیریز جیت کر ٹیم کو کافی اعتماد ملتا ہے، کوشش کریں گے جو غلطیاں ہوئی ہیں اس پر کام کیا جائے۔ ہم نے دورے میں مختلف کامبی نیشن بھی آزمائے، ورلڈ کپ سے قبل ہمارا کامبی نیشن فائنل ہوجائیگا۔ درمیان میں پارٹنرشپ درکار تھی جو نہیں لگ سکی، مجموعی طور پر بائولرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم اور اوے سیریز میں کامیابیاں سمیٹ کر بابراعظم نے بحیثیت کپتان ناقدین کے خدشات کو دور کر دیا ہے۔بابراعظم پہلے ایشیائی کپتان ہیں جنہوں نے ایشیا میں جنوبی افریقہ کو ٹی ٹونٹی سیریز میں شکست دی اور اب انہیں پہلے ایشیائی کپتان بننے کا اعزاز ہوا ہے جس نے جنوبی افریقہ کو دو بار ٹی ٹونٹی میں زیر کیا۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے کہا کہ دورہ جنوبی افریفہ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر وہ قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، جنوبی افریقہ اپنے ملک میں کبھی بھی آسان حریف نہیں سمجھا جاتا مگر پاکستان نے متاثرکن کھیل پیش کرتے ہوئے سیریز جیتی۔کوئی شک نہیں کہ وہ اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو بہتر بناتے رہیں گے اوران میں پاکستان کا کامیاب ترین کپتان بننے کی قابلیت موجود ہے۔
 آوے سیریز میں فتح بہت اہم ہوتی ہیں، پرامید ہوں کہ اس فتح سے انفرادی طور پر کھلاڑیوں اور مجموعی طور پر ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوگا، بابراعظم نے اپنی پراعتماد کارکردگی کی بدولت خود کو ایک متاثرکن کپتان ثابت کیا ہے، اکتوبر 2019 میں جب انہیں پہلی مرتبہ قومی وائیٹ بال کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا تو اس فیصلے پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا جاتا تھا مگر وہ بورڈ کے اعتماد پر پورا اترے،  فخر زمان اور محمد رضوان کی نمایاں کارکردگی نے پاکستان کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ لائن اپ کو استحکام دیا جو بہت خوش آئند ہے۔ مجموعی طور پر جنوبی افریقہ میں ہمارے باؤلرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم سیکھنے کا عمل ہر وقت جاری رہتا ہے، یقین ہے کہ جنوبی افریقہ سے واپسی پر ہمارے باؤلرز ایک بہتر یونٹ بن کر لوٹیں گے۔ وہ بھرپور محنت کرنے پر مصباح الحق اور ان کی کوچنگ ٹیم کے دیگر ارکان کی بھی تعریف کرنا چاہتے ہیں،جنہوں نے ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لانے کیلئے سخت محنت کی۔ یہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا سال ہے، ٹورنامنٹ میں شریک ہر ٹیم صرف جیت کے مقصد کو لے کر ایونٹ میں شرکت کریگی، لہٰذا ہمیں ابھی مزید محنت کرنی ہے اور مستقبل قریب میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن