سیاستدان اداروں سے لڑنے کی بجائے بے گناہی ثابت کریں : اسلم بلوچ
شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے سینئر رہنما و چیئرمین مرکزی انجمن تاجران الحاج ملک محمد اسلم بلوچ نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی مفاد پرستی کی سیاست ملک وقوم اور جمہوریت کیلئے نیک شگون نہیں سیاستدان اداروں سے لڑنے اورالجھنے کی بجائے عدالتوں میں پیش ہو کر اپنی بے گناہی ثابت کریں کیونکہ ریاستی رٹ کا بحال رکھنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے جس کو آج اپوزیشن چیلنج کر رہی ہے ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج ملک کی معیشت کو سہارا دینے کیلئے کرپٹ مافیا کا احتساب وقت کی اہم ضرورت ہے نوازلیگ اور پیپلزپارٹی موجودہ ملکی معیشت پر حکومت کے خلاف تنقید تو کر رہی ہے مگر قوم پوچھتی ہے کہ اس معاشی صورتحال کو ذمہ دار کون ہے دوتوں جماعتیں 3,3مرتبہ اقتدارمیں رہی اور انہوں نے اپنے ادوار حکومت میں ملکی خزانوںکو خالی کر اپنی تجوریاں بھر کر ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا،وزیر اعظم عمران خان ایک طرف قرضوں کی لعنت سے نجات دلانے کیلئے اپنا انتھک کردار ادا کررہے ہیں تو دوسری طرف ملکی معیشت کو سہار ا دینے کیلئے کفایت شعاری اورسادگی پر عمل پیرا ہیں ۔