• news

قصور:ڈپٹی کمشنر کارمضان بازار وں میں چینی دو کلو فی کس دینے کا حکم

قصور(نمائندہ نوائے وقت) ڈپٹی کمشنر آسیہ گُل کاکھڈیاں خاص سستے رمضان بازار کا اچانک دورہ ‘آٹا ، چینی ،اشیائے ضروریہ ،پھلوں ، سبزیوں کی قیمتوں ،سپلائی اور سٹاک کا جائزہ لیا ‘متعلقہ افسران کو سستے رمضان بازار وں میں چینی ایک کلو سے بڑھا کر دو کلو فی کس کرنے کا حکم دیدیا۔ ڈپٹی کمشنر آسیہ گُل نے کھڈیاں خاص سستے رمضان بازار کا دورہ کیا اور وہاں پر تمام اشیائے ضروریہ کی قیمتوں ، کوالٹی ، سپلائی کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے سستے رمضان بازار سے خریداری کیلئے آنیوالی خواتین سے بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار بارے پوچھا ۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ سستے رمضان بازاروں میں سبزیاں وپھل عام مارکیٹ کی نسبت 25فیصد تک رعایتی نرخوں پر دستیاب ہیں اور ضلعی حکومت ماہ مقدس میں شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔ضلع بھر میں قائم سستے رمضان بازاروں میں آٹے اور چینی کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے اور تمام رمضان بازاروں میں چینی ایک کلو سے بڑھا کر دو کلو فی کس کر دی گئی  ۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ رمضان بازاروں کے ساتھ ساتھ عام مارکیٹوں میں بھی اشیائے ضروریہ کی مقررکردہ قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ عوام الناس کو سستی و معیاری اشیاء کی فراہمی میری اولین ترجیح ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن