کیمپ سے خواتین کھلاڑیوں کو کھیل میں نکھار کا موقع ملے گا:عروج ممتاز
لاہور(سپورٹس رپورٹر )چیف سلیکٹر قومی خواتین کرکٹ عروج ممتاز نے کہا ہے کہ کیمپ کا انعقاد مستقبل قریب میں خواتین کرکٹ کی بین الاقوامی اسائنمنٹ کی تیاریوں کی غرض سے لگایا گیا ہے۔ کیمپ سے خواتین کھلاڑیوں کو اپنے کھیل میں نکھار کا بھی موقع ملے گا۔ ہم آئندہ 12 ماہ کیلئے اپنے فیوچر ٹور پروگرامز کو حتمی شکل دینے کے قریب ہیں۔نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ایمرجنگ کیمپ فی الحال کراچی میں جاری ہے، جو ہمیں نوجوان اور باصلاحیت ٹیلنٹ کی تلاش میں معاونت فراہم کررہا ہے۔ کروناکی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہم نے خواتین کھلاڑیوں کو ایک محفوظ ماحول فراہم کرنے کی کوشش کی ہے،پرامید ہیںکہ ویمنز کرکٹرز دونوں کیمپ سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گی۔دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کیلئے عدم دستیاب بسمہ معروف نے غیرمعینہ مدت تک کیلئے کھیل سے بریک لے لی ہے ، لہٰذا وہ اس کیمپ میں بھی شرکت نہیں کریں گی۔