آج ہڑتال ہوگی، مفتی منیب: فضل الرحمن، سراج الحق نے بھی حمایت کردی
کراچی‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+اپنے رپورٹر سے) اہلسنت و جماعت کے مرکزی رہنما مفتی منیب الرحمنٰ نے لاہور واقعہ کے خلاف آج ملک بھر میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی اپیل کر دی۔ مولانا فضل الرحمنٰ نے کہا کہ ہم بھی اس معاملے میں مفتی منیب الرحمنٰ کے ساتھ ہیں۔ متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے مفتی منیب الرحمنٰ نے کہا کہ آج شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی۔ تاجر برادری اپنا کاروبار بند رکھے اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کو کامیاب بنائیں۔ جبکہ مولانا فضل الرحمنٰ نے کہا ہے کہ لاہور میں جو کچھ ہو رہا ہے اس پر قوم دکھ کا شکار ہے۔ 126 دن کا دھرنا‘ پی ٹی وی پر قبضہ‘ سول نافرمانی کا اعلان پاکستان کی تاریخ کا حصہ ہیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جو مناظر ہم دیکھ رہے ہیں وہ ناقابل برداشت ہیں۔ عقلمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسئلے کو سلجھا لو۔ مصلحتوں کی گنجائش نہیں حکومت کا دھڑن تختہ کر کے رہیں گے۔ ہم اس ملک پر غیر آئینی حکمرانی تسلیم نہیں کرتے۔دریں اثناء امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بھی کہا ہے وہ مفتی منیب الرحمٰن کے موقف ،مطالبات اور اعلانات کی حمایت کرتے ہیں