• news

صوبے میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش، عوام غٰیر مصدقہ اطلاعات پر توجہ نہ دیں: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں امن وامان کی صورتحال اسوقت تسلی بخش ہے۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدارنے بتایا کہ پولیس رینجرز اور دیگر تمام ادارے اپنے فرائض بخوبی سر انجام دے رہے ہیں۔لاہور میں ایک مقام کے علاوہ جہاں  پر کچھ  عناصر نے سڑک بلاک کر رکھی ہے۔پنجاب بھر میں امن وامان کی صورتحال تسلی بخش ہے۔ عثمان بزدار نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سوشل میڈیا اور دیگر غیر تصدیق شدہ  ذرائع ابلاغ سے ملنے والی اطلاعات پر کان نہ دھریں۔ذمہ دار حکومتی ذرائع  صوبے بھر میں امن وامان کی مجموعی صورتحال سے عوام کو آگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے واضح کیا کہ میں پنجاب کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور قانون کی عملداری حکومت کے فرائض میں شامل ہیں اور اسے بخوبی سر انجام دیا جارہا ہے۔دریں اثناء اپنے ایک پیغام میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں نادار اور ذہین طلبہ کیلئے حضرت محمدﷺ سے منسوب رحمت للعالمینؐ سکالرشپ کامیابی سے جاری ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ رحمت للعالمینؐ سکالرشپ کے اجراء کا مقصد محروم طلبہ کو معاشی سپورٹ فراہم کرناہے۔ نبی کریمؐ کی تعلیمات کے مطابق مراعات یافتہ اور محروم طبقات کے درمیان معاشی فرق کم کریں گے۔ رحمت للعالمینؐ سکالرشپ کے تحت وظائف کی منصفانہ اور شفاف تقسیم یقینی بنائیں گے۔ پی آئی ٹی بی کی ویب پورٹل پر طلبہ گھر بیٹھے سکالر شپ کے لئے اپلائی کر سکتے ہیں۔ سکالرشپ میٹرک کے نتائج کی بنیاد پر دیا جائے گا اور انڈر گریجوایٹ رحمت للعالمینؐ سکالرشپ انٹر میڈیٹ کے نتائج کی بنیاد پر فراہم کیاجائے گا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ سرکاری کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلبہ کو 14ہزار انٹرمیڈیٹ سکالر شپ اور 891انڈر گریجوایٹ سکالر شپ ملیں گے۔علاوہ ازیںوزیراعلیٰ  عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب دانش سکولز اینڈ سینٹرز آف ایکسیلینسی اتھارٹی کا اجلاس ہوا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے دانش سکولز اینڈ سینٹرز آف ایکسیلینس کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا اور کہا کہ پسماندہ علاقوں میں نادار اور ذہین بچوں کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کررہے ہیں۔ تاندلیانوالہ اور حاصل پور میں نئے دانش سکولوں کا آغاز کیا جائے گا۔ کوہ سلیمان میں سٹیٹ آف دی آرٹ بورڈنگ سکول بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ’’ورلڈ ہیرٹیج ڈے‘‘ پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یادگاری عمارتوں اور تاریخی مقامات کی مناسبت سے عالمی دن منانا خوش آئند ہے۔

ای پیپر-دی نیشن