او جی ڈی سی ایل کی بعد از ٹیکس آمدنی میں 14 فیصد کمی
اسلام آباد(قاضی بلال ؍وقائع نگارخصوصی) آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کی بعد از ٹیکس آمدنی میں 14 فیصد کمی ہوئی ہے۔سرکاری اعداد وشمار کے مطابق کمپنی کی خالص آمدنی 23 ہزار 427 ملین روپے تک کم ہو گئی جبکہ او جی ڈی سی ایل کو 27 ہزار 316 ملین روپے بعد از ٹیکس آمدنی ہوئی تھی۔ او جی ڈی سی ایل کی بعد از ٹیکس آمدنی میں 3ہزار 889 ملین روپے یعنی 14 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ بعد از ٹیکس آمدنی میں کمی کے نتیجہ میں او جی ڈ ی سی ایل کی فی حصص آمدن بھی 6.35 روپے کے مقابلہ میں 5.45 روپے فی حصص تک کم ہو گئی۔اس کے علاوہ رواں مالی سال کے دوران تیل کی پیداوار 36 ہزار 423 بیرل اور گیس کی پیداوار 856 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی ہے۔ رواں مالی سال کے دوران کمپنی کی پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ گزشتہ مالی سال کے اس عرصہ کے دوران تیل کی پیداوار 38 ہزار 84 بیرل ، گیس کی پیداوار 910 ایم ایم سی ایف ڈی اور ایل پی جی کی پیداوار 747 ٹن یومیہ تھی۔ رواں مالی سال کے دوران جولائی سے دسمبر تک ایل پی جی کی پیداوار 778 ٹن یومیہ ریکارڈ کی گئی ہے۔