وزراء کا کام صرف الزام تراشی ، شہباز شریف سرخرو ہوں گے،مریم اورنگزیب
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عدالتوں کی عزت کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے، ایک کلو چینی کیلئے طویل قطاریں شرمناک ہیں، وزراء کا کام صرف الزام تراشی ہے، شہباز شریف سرخرو ہوں گے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہبازگل کی کیا قانونی حیثیت ہے کہ وہ عدالتی فیصلے پر بات کریں، کابینہ میں 4 مرتبہ میوزیکل چیئر ہو چکی لیکن شہباز گل اور شہزاد اکبر کو کوئی نوکری نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک کوآئی ایم ایف کے حوالے کر دیا گیا، آج ملک میں جو مہنگائی ہے وہ آئی ایم ایف کے بریف کیس وزیر کی وجہ سے ہے، حفیظ شیخ اتنے قابل تھے کہ سینیٹرکی نشست ہارنے کے بعد بھی دفتر میں بلا کر کہا کہ آج بھی آپ میرے وزیرخزانہ ہیں، شوکت ترین کے اپنے دور میں گروتھ ریٹ زیرو تھا، عمرایوب 19 سوارب کا ٹیکہ لگانے کے بعد فارغ کر دیئے گئے، جب بجلی کارٹیل کی جیبیں بھرگئیں تو انہیں فارغ کردیاگیا، عمر ایوب کیخلاف کوئی انکوائری نہیں ہوئی۔