نیب نے حمزہ شہباز کی ضمانت کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا
لاہور / اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے+ خصوصی رپورٹ) قومی احتساب بیورو نیب نے منی لانڈرنگ کیس میں اپوزیشن رہنما حمزہ شہباز کی ضمانت کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ نیب کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہایکورٹ کا 24 فروری کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے ضمانت منسوخ کی جائے۔ عدالت عظمیٰ سے درخواست کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے حقائق کو نظرانداز کیا۔ حمزہ شہباز کا کیس ہارڈ شپ کا نہیں بنتا انہیں ضمانت دینے سے نیب انکوائری میں خلل پڑ رہا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ قانون کی نظر میں برقرار نہیں رکھا جا سکتا۔ لاہور ہائیکورٹ نے مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز کو ضمانت دی تھی جس کے خلاف اب سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی ہے۔