سابق آئی جی ناصر درانی کرونا سے جاں بحق وزیراعظم‘ عثمان بزدار ‘ رحمان ملک کا اظہار افسوس
لاہور+ اسلام آباد (نامہ نگار+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) سابق آئی جی ناصر درانی کرونا سے جاں بحق ہو گئے۔ ناصر درانی 10 روز سے میو ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔ وزیر اعظم‘ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، رحمٰن ملک نے ان کی رحلت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ایم ایس میو ہسپتال لاہور کے مطابق ناصر درانی ایک ماہ سے ہسپتال میں زیرِعلاج تھے۔ ایک ہفتہ پہلے انہیں وینٹی لیٹر پر لے جانا پڑا۔ گزشتہ روز وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ ڈاکٹرز کے مطابق ان کو کرونا کے باعث سانس لینے مین دشواری کا شامنا تھا، پھیپھڑوں کو زیادہ نقصان پہنچا۔ ناصر درانی پنجاب پولیس ریفارمز کمیشن کے سربراہ بھی رہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے انکے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔ انکے اہل خانہ سے تعزیت کی اور کہا پاکستان بہترین پولیس افسر سے محروم ہو گیا۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے افسوس کا اظہار کر تے ہوئے کہا ہے کہ ناصر درانی محب وطن پاکستانی اور ایماندار پولیس افسر تھے۔ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انکی رحلت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے سابق آئی جی پولیس ناصر درانی کے انتقال پر دلی دکھ و افسوس کا اظہارکیا ہے۔ اللہ تعالی مرحوم ناصر درانی کی مغفرت اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا ناصر درانی ایک قابل افسر تھے جنہوں نے ایمانداری سے ملک و قوم کی خدمت کی۔ ناصر خان درانی آئی جی خیبر پختونخوا پولیس تعینات رہنے کے بعد ریٹائرڈ ہوئے تھے۔ تحریک انصاف کی حکومت آنے پر انہیں پنجاب پولیس اصلاحات کمشن کا سربراہ بھی مقررکیا گیا تھا۔ مگر ان کے کام میں حکومتی مداخلت پر انہوں نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔ناصر خان درانی 1999ء میں سابق صدر مشرف کے برسراقتدار آنے کے بعد ایس ایس پی اسلام آباد مقرر ہوئے جہاں انہوں نے وفاقی پولیس میں اصلاحات متعارف کرائیں اور ریسکیو1122 اور نیبر واچ ہڈ سسٹم متعارف کرائے۔ بعد ازاں وہ ایس ایس پی سپیشل برانچ راولپنڈی اور ریجنل پولیس افسر راولپنڈی بھی تعینات رہے جہاں سے ان کا تبادلہ کمانڈنٹ پولیس کالج سہالہ کیا گیا جہاں انہوں نے پولیس ٹریننگ میں نئی جہتیں متعارف کرائیں۔ 2013ء کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کی خیبر پختونخواہ میں حکومت بننے پر ناصر خان درانی کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آئی جی پولیس کے پی کے لگایا جہاں انہوں نے کے پی کے پولیس کو نئے خطوط پر استوار کیا اور ان کی پولیس سسٹم میں تبدیلیوں کی تعریف کی گئی۔ وہ آئی جی خیبر پختونخواہ کی ہی حیثیت سے2017ء میں ریٹائر ہوگئے جس کے بعد انہیں پنجاب پبلک سروس کمشن کا ممبر مقرر کیا گیا۔ 2018ء کے عام انتخابات سے قبل انہیں نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب مقرر کرنے کیلئے تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے درمیان اتفاق بھی ہوا لیکن ناصر خان درانی نے اپنی صحت کی وجوہ پر نگران وزارت اعلیٰ پنجاب کا عہدہ سنبھالنے سے معذرت کرلی۔ تاہم وزیر اعظم عمران خان نے حلف اٹھانے کے بعد ناصر خان درانی کو پنجاب میں پولیس میں تبدیلیوں کیلئے کمیشن کا سربراہ مقرر کیا۔ لیکن کچھ عرصے بعد ناصر خان درانی نے وہ عہدہ بھی چھوڑ دیا۔سابق آئی جی ناصر خان درانی کی نماز جنازہ آج منگل دن 11 بجے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول بیدیاں روڈ لاہور میں ادا کی جائے گی۔