• news

مشیر وزیراعلیٰ سیاحت و آثار قدیمہ آصف محمود نے رام پیاری میوزیم کا افتتاح کر دیا

 لاہور (وقائع نگار)مشیر وزیراعلیٰ برائے سیاحت و آثار قدیمہ آصف محمود نے گجرات میں رام پیاری میوزیم کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ٹورازم اینڈ آرکیالوجی احسان بھٹہ، ڈی جی آرکیالوجی الیاس گل، ڈپٹی کمشنر گجرات سیف جپہ، ڈی پی او عمر سلامت، صدر چیمبر آف کامرس اور دیگر بھی موجود تھے۔ ڈی جی آرکیالوجی نے مشیر سیاحت کو میوزیم کے حوالے سے بریفنگ دی۔ مشیر وزیراعلیٰ نے رام پیاری میوزیم کے تمام حصوں کا معائنہ کیا اور تاریخی رام پیاری بلڈنگ کی بحالی اور میوزیم کے قیام پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو شہریوں کی سہولت کے لئے آڈیٹوریم میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دو ہفتے کے دوران پنجاب میں 2 نئے میوزیم کا افتتاح کیا گیا۔ ایک میوزیم کلرکہار میں اور دوسرا یہاں گجرات میں کھولا گیا ہے۔ ہیریٹیج سائٹس کی حفاظت اور تزئین نو کا کام وزیراعلیٰ  سردار عثمان بزدار کی ہدایات کی روشنی میں مکمل کیا جا رہا ہے۔  یہ بات اطمینان بخش ہے کہ محکمہ آرکیالوجی کے افسروں نے 1918 میں بننے والی اس خوبصورت عمارت کو محفوظ کردیا ہے۔ آصف محمود نے کہا کہ گجرات شہیدوں، ادیبوں، شاعروں اور فنکاروں کی سرزمین ہے۔ یہاں بنائے جانے والے مٹی کے ظروف پورے ملک بلکہ بیرون پاکستان بھی پسند کئے جاتے ہیں۔ گجرات کی انڈسٹری ملک کی ترقی و استحکام میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ یہ تمام پہلو میوزیم میں اجاگر کئے گئے ہیں۔سیکرٹری ٹورازم اینڈ آرکیالوجی احسان بھٹہ نے مشیر وزیراعلی کو بتایا کہ میوزیم میں 4 گیلریز کا اہتمام کیا گیا ہے جن میں گجرات کی ثقافت کے ساتھ گندھارا اور قبل از تاریخ کے آثار کی نمائش بھی کی گئی۔ 

ای پیپر-دی نیشن