نیب کا بہانہ بناکر کام نہ کرنے والے تمام بیوروک ریٹس کو گھر بھیج دینا چاہئے: جسٹس قاسم
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے نیب کا بہانہ بنا کر کام نہ کرنے والے بیوروکریٹس کیخلاف سخت نوٹس لیتے ہوئے ریمارکس دیئے ہیں کہ جو نیب کا بہانہ بناکر کام نہیں کرتے ایسے تمام بیوروکریٹس کو گھر بھیج دینا چاہیے۔ جسٹس محمد قاسم خان نے سڑکوں کی تعمیر مکمل کرانے کے باجود حکومت کی جانب سے ٹھیکیدار کو عدم ادائیگی کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ دس روپے کی بات ہو تو سیکرٹریز کہتے ہیں کہ نیب پکڑ لے گا۔ پنجاب کے تمام افسر نیب کا بہانہ بنا کر کام کرنے کیلئے تیار نہیں۔ جب درست کام کرو گے تو نیب کیوں پکڑے گا۔ بیوروکریٹس نے قسم کھائی ہوئی ہے کہ کام نہیں کرنا، اگر سیکرٹری عہدہ کی اہلیت نہیں رکھتا تو انہیں گھر چلے جانا چاہیے۔ چیف جسٹس نے آئندہ سماعت پر چیئرمین پی اینڈ ڈی اورسیکرٹری فنانس کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔