• news

کرونا،2 ڈاکٹروں سمیت137 سمیت137 اموات،راہوں گاندھی، گلوکار علی عظمت وائرس کا شکار

اسلام آباد‘راولپنڈی‘ لاہور (وقائع نگار خصوصی/اپنے سٹاف رپورٹر سے/ سپورٹس رپورٹر) ملک بھر میں کرونا وائرس سے مزید 137 افراد جاں بحق ہونے کے بعد اموات کی تعداد 16 ہزار 453 ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 7 لاکھ 66 ہزار882 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 445 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 68 ہزار 2 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 لاکھ 67 ہزار 131 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 494 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پنجاب میں 7 ہزار 561، سندھ میں 4 ہزار 556، خیبر پی کے میں 2 ہزار 920، اسلام آباد میں 645، بلوچستان میں 225، گلگت بلتستان میں 104 اور آزاد کشمیر میں 442 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ خیبر پی کے میں ویکسینیشن کے باوجود طبی عملہ بدستور کرونا کی زد میں ہے اور اب تک اس وبا سے زندگی کی بازی ہارنے والے ڈاکٹروں کی تعداد 61 ہوگئی ہے۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کے سابق ڈی ایم ایس ڈاکٹر خیر محمد برکی کرونا سے جاں بحق ہوگئے۔ دنیا بھر میں نوول کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 14کروڑ 20لاکھ 97ہزار 803  ہوگئی۔ امریکہ 3کروڑ 17لاکھ 37ہزار347 مصدقہ کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے۔ ہارون آباد سے نامہ نگار کے مطابق ہارون آباد میں وائرس کی تیسری لہر شدت اختیار کر گئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق گورنمنٹ ماڈل گرلز ہائی سکول ہارون آباد کی چار خاتون ٹیچرز میں کرونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جس پر محکمہ ایجوکیشن نے سکول کو 19 اپریل سے 3مئی تک کے لئے بند کردیا ہے۔ خاتون ٹیچرز میں کرونا وائرس کی تشخیص پر سکول  کے دیگر اساتذہ کرام، طلباء اور والدین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ جہلم سے نامہ نگار کے مطابق چیف ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر وسیم اقبال کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق گزشتہ روز مزید 05 افراد کی کرونا رپورٹ مثبت موصول ہوئی۔ اس وقت ضلع بھر میں 131 کرونا وائرس سے متاثرہ مریض جن میں بیماری کی کوئی علامات نہیں ہیں ان افراد کو گھروں میں آئسولیٹ کیا گیا ہے اور 05 مریض ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ہسپتال میں زیرعلاج اسسٹنٹ پروفیسر سرجری ڈاکٹر خالد اقبال انتقال کر گئے۔ جاں بحق ہونے والے ڈاکٹرز کی تعداد دس ہو گئی۔ میڈیکل کالج گوجرانوالہ میں تعینات اسسٹنٹ پروفیسر سرحدی ڈاکٹر خالد اقبال کرونا سے جنگ لڑتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے۔ پی ایم اے گوجرانوالہ کے مطابق ڈاکٹر خالد اقبال کرونا کے مرض میں مبتلا تھے اور گزشتہ کئی روز سے ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔ نارووال سے نامہ نگار کے مطابق سی ای او ایجوکیشن نے تحصیل شکرگڑھ کے گائوں اخلاق پور اور بیری کے دو سکولوں کے اساتذہ اور بچوں میں کورنا ٹیسٹ مثبت آنے پر دو ہفتے کیلئے بند کر دئیے۔ ذرائع کے مطابق نارووال کی تحصیل شکرگڑھ کے علاقہ بیری کے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول اور اخلاق پور گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کے اساتذہ اور بچوں کے کورنا ٹیسٹ مثبت آنے پر محکمہ ہیلتھ کی سفارش پر سی ای او ایجوکیشن اور ڈی ڈی او ایجوکیشن شکرگڑھ نے دونوں سکولوں کو دو ہفتے کے لئے بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا اور مزید طلبا وطالبات کے علاوہ اساتذہ کے بھی ٹیسٹ کروائے جارہے ہیں۔ بھارت میں کرونا وائرس کے باعث حالات خطرناک حد کو چھونے لگے۔ نئی دہلی کے وزیراعلیٰ کے بعد بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی بھی مہلک وباء کا نشانہ بن گئے۔ پاکستانی گلوکار علی عظمت بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کرونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔ دو روز قبل علامات ظاہر ہونے پر ڈی جی سپورٹس پنجاب نے کرونا ٹیسٹ کروایا اور رپورٹ مثبت آنے پر خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا۔ صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی نے دعا کی ہے کہ اﷲ تعالیٰ عدنان ارشد اولکھ کو جلد صحتیاب کرے۔ راولپنڈی ضلع میں کرونا وائرس میں مبتلا چھ مریض منگل کو جاں بحق ہوگئے۔ جن میں 63 سالہ صابرہ بی بی، 65 سالہ مر یم بی بی، 72 سالہ پروین اختر، 80 سالہ فاظمہ بی بی، 73 سالہ محمد اکسیر اور 69 سالہ شمیم اختر شامل ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں راولپنڈ ی ضلع میں کرونا وائرس کے 210 نئے کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ دریں اثناء چین نے پاکستان کو کرونا ویکسین کی بڑی مقدار فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رواں ہفتے ویکسین کی 20 لاکھ خوراکیں ملک پہنچیں گی۔ ذرائع وزارت صحت کے مطابق چین سے رواں ہفتے کرونا ویکسین کی 20 لاکھ خوراکیں ملک آئیں گی۔ جن میں 15 لاکھ خریدی گئیں۔  5 لاکھ کرونا ویکسین تحفے کے طور پر ہوگی۔ چین سے کرونا ویکسین کی 4کھیپ آئیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن