• news

مذہبی جذبات مجروح کرنا ناقابل قبول‘ اسد قیصر کا عالمی پارلیمنٹس  کے سپیکرز کو خط لکھنے کا فیصلہ 

اسلام آباد (نامہ نگار) سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے ناموس رسالتؐ کے حوالے سے عالمی پارلیمنٹس کے سپیکرز کو خطوط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اظہار رائے کی آزادی کی آڑ میں توہین رسالت اور کسی کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کی کوشش ناقابل قبول ہے۔ گورنر پنجاب محمد سرور اور سابق سپیکر اور وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے پارلیمنٹ ہائوس میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں تینوں  کے مابین خاتم النبیین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف گستاخانہ بیانات کے بڑھتے ہوئے رجحان اور مغربی ممالک میں مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے واقعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔  ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ یورپ اور شمالی امریکہ سے تعلق رکھنے والے مسلم پارلیمنٹیرین سے رابطہ کر کے ان سے کہا جائے گا کہ وہ اپنی متعلقہ پارلیمنٹس میں توہین رسالت کے مسئلے کو اٹھائیں۔  اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا کہ سپیکر اسد قیصر پارلیمنٹس کے سپیکرز/ پریذائیڈنگ افسران کو خط لکھیں گے تاکہ اس عمل کو ختم کرنے کیلئے ان کی پارلیمنٹ میں اس معاملے کو زیر بحث لایا جائے۔ 

ای پیپر-دی نیشن