• news

کالعدم ٹی ایل پی کیساتھ معاہدے پر عملدرآمد ہو چکا: فود چوہدری

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزارت اطلاعات کے ذیلی اداروں میں اصلاحات لانے کا عمل تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔ پی ٹی وی کو ایچ ڈی، اے پی پی کو ڈیجیٹل نیوز، پی آئی ڈی کے اشتہارات کے عمل کو مزید بہتر اور پیپر لیس بنایا جائے گا۔ پی ٹی وی انگلش چینل کی جلد بنیاد رکھی جائے گی۔ یکم جون سے پی ٹی وی نیوز مکمل ایچ ڈی  پر چلاجائیگا۔ اسی سال پی ٹی وی سپورٹس بھی ایچ ڈی ہوگا۔ اسی طرح نئے انگریزی چینل کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔ کراچی اور لاہور کے سٹوڈیوز کو پی پی پی موڈ میں  رینوویٹ کیا جائے گا اور اے پی پی کو ڈیجیٹل نیوز ایجنسی  بنائیں گے۔ پی آئی ڈی اور اشتہارات کا نظام مکمل طور پر پیپر لیس کرنے  کے اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔ ایکسٹرنل ونگ پوری طرح آپ گریڈ ہو گا۔ فلم اور ڈرامہ کی بحالی پہلی ترجیح ہے۔ سرسید احمد خان اور ٹیپو سلطان کی زندگیوں پر عالمی سطح کی پروڈکشن پر کام شروع کیا جا رہا ہے۔ نوجوان ڈرامہ اور فلمسازوں کو کامیاب جوان پروگرام سے پانچ کروڑ روپے تک قرضے کی سہولت دیں گے۔ پرنٹ اور ٹی وی میڈیا سے وابستہ صحافیوں کیلئے وزیر اعظم ہاؤسنگ پراجیکٹ سے ذاتی گھر اور صحت کارڈ کی سہولت دیں گے۔ تنخواہوں کی ادائیگی لازمی کرنے کیلئے قانون سازی اور انشورنس لا رہے ہیں۔ پریس کلب کو سہولتیں دینا بھی میری پالیسی ہو گی۔ ڈیجیٹل میڈیا کو مکمل سپورٹ دیں گے۔ وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ  فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کے حوالے سے فیصلہ  پارلیمنٹ  کرے گی۔ کالعدم  ٹی ایل پی کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر مکمل طور پر عملدرآمد ہو چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار فواد چوہدری نے ایک نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا ٹی ایل پی اپنے اوپر لگنے والی پابندی کے خلاف اپیل کا حق رکھتی ہے۔ حکومت آئین اور قانون کی حدود سے باہر نہیں جاسکتی۔ ٹی ایل پی کو یہ آئین اور قانون میں حق حاصل ہے کہ وہ خود پر لگنے والی  پابندی کے  خلاف اپیل کر سکتی ہے۔ یہ کہنا کہ فلاں کو فلاں پرچے سے نکلا دیں یا پابندی کے خلاف ہم خود ہی نظرثانی کردیں یہ ہم نہیں کر سکتے۔

ای پیپر-دی نیشن