• news

پاکستان نے اقوام متحدہ کے 3 اہم پینلز کی رکنیت حاصل کر لی

 اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان، اقوام متحدہ کے 3 اہم پینلز کی رکنیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔ ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ پاکستان نے جرائم کی روک تھام اور انصاف، سٹیٹس آف ویمن اور پاپولیشن اینڈ ڈویلپمنٹ کمیشن کی رکنیت حاصل کی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ یہ کمیشنز متعدد سماجی اور معاشی مسائل پر بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ یکے بعد دیگرے اقوام متحدہ کے 3 اہم کمیشنز کی رکنیت کے لیے پاکستان کا انتخاب اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ بین الاقوامی برادری، اقوام متحدہ میں ہمارے ملک کے فعال کردار اور تعمیراتی شراکتوں کو قبول کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ انتخابات اقوام متحدہ کے 54 رکنی بنیادی ادارے اکنامک اینڈ سوشل کونسل میں ہوئے تھے۔ جرائم کی روک تھام اور انصاف کمیشن اور آبادی و ترقی کمیشن میں پاکستان کے انتخاب کی کونسل کے تمام اراکین کی جانب سے متفقہ طور پر حمایت کی گئی۔ کمیشن آن سٹیٹس آف ویمن (سی ایس ڈبلیو) کی ممبر شپ کے لیے  ووٹنگ میں پاکستان نے 53 میں 50 ووٹ حاصل کیے۔ اس کمیشن کے دیگر منتخب ممالک میں چین، ایران، جاپان اور لبنان شامل ہیں۔ پاکستان آئندہ سال یکم جنوری سے تینوں کمیشنز کی رکنیت سنبھالے گا۔ بیان میں بتایا گیا کہ یہ چھٹی مرتبہ ہے کہ پاکستان جرائم کی روک تھام اور انصاف کے کمیشن کا رکن منتخب ہوا اور اس پینل کے لیے منتخب کیے گئے دیگر ممالک میں قطر، بحرین، بھارت اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔ اس کمیشن کے رکن کی حیثیت سے پاکستان قومی اور بین الاقوامی جرائم سے نمٹنے اور اس کی روک تھام کے لیے اقوام متحدہ اور اس کے رکن ممالک کے مابین بین الاقوامی تعاون کو بہتر بنا رہا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا اس کمیشن کا رکن منتخب ہونا قومی اور بین الاقوامی سطح پر صنفی رجحان اور خواتین کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے اس کے کردارکو تسلیم کرنا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن