مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی، وزیراعظم رحم کھا کر گھر جائیں: بلاول
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) بلاول بھٹو زرداری نے رمضان المبارک کے دوران مہنگائی میں بے پناہ اضافے پر حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عوام پر رحم کھاتے ہوئے اپنی ضد چھوڑیں اور استعفیٰ دے کر گھر جائیں۔ تفصیل کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے رمضان میں ہوشربا مہنگائی پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت نے عوام کو دیوار سے لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ رمضان میں کھانے پینے کی اشیا کی ریکارڈ قیمتوں نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک اور اس کے مسائل کا حل موجودہ حکومت کے بس کی بات نہیں۔ رمضان کے آغاز میں گھی، آٹا سمیت 16 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ حکومتی نااہلی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان مہنگائی کرنے والے مافیا کی سرپرستی کرکے عوام سے دشمنی کر رہے ہیں۔ رمضان میں یوٹیلٹی سٹورز کو سبسڈی دینے سے حکومت کی ذمہ داری ختم نہیں ہوتی۔ اوپن مارکیٹ میں مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک کو قرضوں میں جھونک کر مافیاز کے حوالے کردیا۔ وزرائے خزانہ کی تبدیلی سے عوام کی تکلیفوں میں کوئی کمی نہیں آ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ نااہل وزیراعظم دنیا کی مثالیں دینے کے بجائے بتائیں ان کی حکومت نے عوام کیلئے اب تک کیا کیا؟۔ ہر مہینے مہنگائی میں اضافے کی شرح خود اپنا ریکارڈ توڑ رہی ہے۔ مہنگائی کے حوالے سے حکومت کے اپنے ہی اعدادوشمار اس کے کارناموں کی قلعی کھول رہے ہیں۔