• news

نواز شریف کو ڈی پورٹ کرنے کی درخواست‘ برطانیہ نے مثبت جواب نہیں دیا: وزیر داخلہ 

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر سے ملاقات کرکے ان سے سابق وزیراعظم نوازشریف کو ڈی پورٹ کرنے کی درخواست کی ہے۔ تاہم وزیرداخلہ نے بتایا ہے کہ برطانوی ہائی کمشنر کی جانب سے اس حوالے سے کوئی مثبت جواب نہیں آیا۔ اس حوالے سے وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ  وزیر داخلہ شیخ رشید سے پاکستان میں برطانوی سفیر کرسچن ٹرنر کی ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔ اعلامیہ کے مطابق وزیر داخلہ نے ڈیوک آف ایڈنبرا پرنس فلپ کی وفات پراظہار افسوس کیا۔ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں مجرمان کی حوالگی سے متعلق معاہدوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور  مجرمان کی حوالگی اور وطن واپسی کے معاہدوں کو جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں نواز شریف کی پاکستان ممکنہ واپسی پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیر داخلہ اور برطانوی سفیر نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مجرمان کی حوالگی کے معاہدے دونوں ملکوں کے باہمی مفاد میں ہیں۔ معاہدوں پر پیش رفت کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ اعلامیے کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کو ریڈلسٹ پر ڈالنے سے برطانیہ میں بسنے والے پاکستانیوں میں اضطراب پایا جاتا ہے۔ دیگر ممالک میں کرونا زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے، پاکستان کو ریڈ لسٹ میں ڈالنا امتیازی سلوک ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان کو ریڈ لسٹ میں ڈالنے کا معاملہ امتیازی نہیں۔ کرونا کیسز کی شرح زیادہ ہونے کے باعث پاکستان کو ریڈ لسٹ میں ڈالا گیا۔ اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان کی ایف اے ٹی ایف روڈمیپ عملدرآمدگی پر کارکردگی بہت شاندار ہے۔ ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر برطانیہ پاکستان کی مکمل حمایت کریگا۔ 

ای پیپر-دی نیشن