• news

مذہبی آزادی کی خلاف ورزی امریکی  کمشن کی بھارت کو بلیک لسٹ کرنیکی سفارش 

واشنگٹن  (آئی این پی ) امریکی کمشن نے اقلیتوں سے بدترین سلوک اور مذہبی آزادی کی خلاف ورزی پر مسلسل دوسرے سال بھارت  کو بلیک لسٹ میں ڈالنے کی سفارش کر تے ہوئے کہا ہے کہ  بھارت  نے مذہبی آزادی کے حوالے سے منفی رجحان جاری رکھا، مذہبی آزادی کی منظم انداز میں خلاف ورزی ہوئی    ، مودی  حکومت نے ہندو قوم پرست پالیسیوں کو فروغ دیا ۔ غیر ملکی میڈ یا کے مطابق   بین الاقوامی مذہبی آزادی کے حوالے سے امریکی کمیشن کی اس سفارش پر  بھارتی  حکومت نے گزشتہ سال برہمی کا اظہار کیا تھا اور اس بات کے امکانات بہت کم ہیں کہ امریکی محکمہ خارجہ اس مشورے پر عمل درآمد کرے گا اور اپنے قریبی اتحادی بھارت کی مذمت کرے گا۔ کمیشن اپنی سفارشات پیش کرتا ہے لیکن امریکی پالیسی مرتب نہیں کرتا اور اس نے اپنی نئی سالانہ رپورٹ میں کہا کہ بھارت  نے مذہبی آزادی کے حوالے سے منفی رجحان جاری رکھا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے ہندو قوم پرست پالیسیوں کو فروغ دیا جس کے نتیجے میں مذہبی آزادی کی منظم انداز میں خلاف ورزی ہوئی ہے۔ انہوں نے گزشتہ سال نئی دہلی میں مہلک فسادات کے دوران مسلمانوں کے خلاف تشدد میں پولیس کی مداخلت کے الزامات کی نشاندہی بھی کی تھی اور مودی کے زیر انتظام شہریت کے قانون پر بدستور تشویش کا اظہار کیا جہاں ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ قانون مسلمانوں کو غیر  بھارتی  قرار دیتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق  بھارتی حکومت مخالف آوازوں کو دبا رہی ہے اور بھارت کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش سمیت ملک بھر میں بین المذاہب شادیوں پر پابندیوں میں اضافے پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن