شوگر سکینڈل‘ صوبائی وزیر محسن لغاری نئی انکوائری م یں شاہد خاقان نیب طلب
اسلام آباد (نامہ نگار) نیب نے صوبائی وزیر پنجاب محسن لغاری کو بھی شوگر سکینڈل میں طلب کرلیا۔ نیب شوگر سیکنڈل کی تحقیقات منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت کررہا ہے، اور شوگر سیکنڈل میں بڑی حکومتی شخصیات کی طلبی کا سلسلہ جاری ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق محسن لغاری کو چار مئی کو نیب راولپنڈی آفس طلب کیا گیا ہے، جہاں ان سے نیب کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم تفتیش کرے گی۔ اس حوالے سے محسن لغاری کو 2018 تا 2019 میں شوگر پر دی جانے والی سبسڈی اور ایکسپورٹ کی اجازت نامہ دینے کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔ نیب نے گزشتہ ہفتہ کین کمشنر اور چیف سیکرٹری آفس کا دورہ کر کے ریکارڈ حاصل کیا تھا۔ جبکہ گزشتہ روز نیب راولپنڈی نے وزیر صنعت و تجارت پنجاب میاں اسلم اقبال کو 4 مئی کو طلب کرنے کا نوٹس جاری کیا تھا اور سابق صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری کو بھی نیب راولپنڈی آفس میں طلب کیا گیا ہے۔ دریں اثناء نیب راولپنڈی نے شاہد خاقان عباسی کے خلاف نئی انکوائری شروع کر دی۔ شاہد خاقان عباسی کو پاکستان پٹرولیم کے سابق ایم ڈی کی بھرتی میں 26 اپریل کو ریکارڈ کے ساتھ نیب راولپنڈی طلب کیا گیا ہے۔ نیب نے پی پی ایل میں میگا کرپشن اور وامق بخاری کی غیرقانونی بھرتی کا نوٹس لیا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق بھرتی سے متعلق کچھ اہم شکایات موصول ہوئیں تھیں۔ اہم ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا۔