دشمن عدم استحکام چاہتا، مذموم عزائم پہلے ناکام بنائے، آئندہ بھی بنائینگے: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وفاقی وزیر غلام سرور خان نے ملاقات کی۔ جس میں کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کی گئی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا گیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے۔ قوم کی تائید وحمایت سے دشمن کے مذموم عزائم پہلے بھی ناکام بنائے، آئندہ بھی بنائیں گے۔ قوم اور سکیورٹی اداروں نے قیام امن کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ بزدل دشمن بہادر قوم کے پختہ عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا۔ خدمت کے سفر کے سامنے انتشار کی سیاست اپنی موت آپ مرچکی ہے۔ افراتفری کی سیاست کا جواب عوام کی خدمت سے دیا ہے اور دیتے رہیں گے۔ منفی سیاست کو 22 کروڑ عوام مسترد کرچکے ہیں اور پی ڈی ایم ملک میں عدم استحکام چاہتی تھی لیکن خود ٹوٹ پھوٹ چکی ہے۔ پے درپے ناکامیوں کے بعد مخالفین کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیے۔ وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہا کہ عوام کی حمایت سے اپوزیشن عناصر کے افراتفری پھیلانے کے عزائم ناکام بنائے ہیں۔ عثمان بزدار سے صوبائی وزیر محنت انصر مجید نیازی نے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ کو محکمہ محنت کی کارکردگی اور مستقبل کے پروگرامز سے آگا ہ کیاگیا۔ وزیراعلی کہا کہ محنت کش بھائیوں کی فلاح وبہبود کے لئے تمام ممکنہ وسائل فراہم کریںگے۔ ہر مزدور کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیںگے۔ عثمان بزدار سے صوبائی وزراء محمد اجمل چیمہ اورخیال احمد کاسترو بھی ملے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ وزیراعلی نے کہا کہ صوبے کے عوام کو رمضان المبارک میں ریلیف دینے کے لئے 5 ارب 50 کروڑ روپے کا رمضان پیکیج دیا ہے۔ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جا رہی ہے۔ عثمان بزدار نے معروف اسلامی سکالر مصنف قرآن مجید کے مترجم مولانا وحید الدین خان کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عثمان بزدار سے پنجاب بیت المال کونسل کے امین ملک محمد اعظم نے ملاقات کی۔ جس میں بیت المال سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کے ہر طبقے کے مسائل اور مشکلات کو حل کرنا ہمار ویژن ہے۔ بے سہارا اور کمزور لوگوں کی فلاح و بہبود ہمارا فرض ہے کم وسائل یافتہ افراد کو ترقی کے دھارے میں لانے کیلئے مؤثر اقدامات کئے ہیں۔ کمزور اور محروم افراد کیلئے ممکنہ وسائل فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔