پر امن افغانستان کا مطلب پاکستان میں امن: جنرل باجوہ
اسلام آباد (خبرنگار) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں افغانستان کے سفیر نجیب اللہ علی خیل نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال بشمول افغان امن عمل، دوطرفہ سلامتی اور دفاع کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور دوطرفہ سرحدی انتظام کو موثر بنانے کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا واحد مقصد افغانوں کو پر امن، خودمختار، جمہوری، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے حصول میں مدد فراہم کرنا ہے۔ معزز مہمان نے خطے میں تنازعات کی روک تھام اور پاکستان کے امن عمل کے لئے تعاون کو سراہا۔