ہمارے خلاف پابندیاں خطر ناک حد تک بڑھ رہیں،مغربی ممالک ریڈ لائن عبور نہ کریں،روسی صدر
ماسکو)اے پی پی):روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے مغربی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ روس کے ساتھ ریڈ لائن عبور نہ کریں۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی صدر نے قوم سے سالانہ خطاب میں بیلاروس کی حکومت کے خلاف مبینہ بغاوت کی سازش کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ روس کے خلاف مغرب کی ناجائز پابندیوں کا استعمال خطرناک حد تک بڑھ رہا ہے اور مغرب کی جانب سے بیلاروس میں بغاوت کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ روس تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے لیکن مغربی طاقتوں کی جانب سے روس کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم تعلقات کے پل نہیں جلانا چاہتے ہیں لیکن اگر کوئی ہمارے اچھے ارادوں کو کمزوری سمجھتا ہے تو وہ سن لے کہ ہمارا رد عمل اس کے خلاف غیر متزلزل، تیز اور سخت ہوگا۔ ہم ہر معاملے میں اپنے لیے فیصلہ خود کریں گے کہ سرخ لکیرکہاں کھینچنی ہے۔خیال رہے کہ روسی صدر پوٹن کی جانب سے یہ انتباہ اس وقت سامنے آیا ہے جب یوکرین کے معاملے پر روس کے مغرب کے ساتھ تعلقات سخت کشیدہ ہیں۔