• news

سعودی عرب میں پاکستانی سفیر راجہ علی اعجا ز کی مدت ملازمت ختم، نئے نامزد سفیر  لیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبر 25اپریل کو ذمے داریاں سنبھالیں گے

جدہ (امیر محمد خان سے) سعودی عرب میں پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز اپنی مدت ملازمت ختم کرکے ریٹائرڈ ہوکر 28 اپریل کو پاکستان روانہ ہورہے ہیں جبکہ نئے نامزد سفیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے 25 اپریل کو ریاض پہنچ رہے ہیں۔ سبکدوش سفیر راجہ علی اعجاز نے اپنے الوداعی پیغام میں نئے سفیر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ’میں اب ذمہ داریاں انتہائی تجربہ کار جنرل (ریٹائرڈ) بلال اکبر کو سونپ کر جا رہا ہوں، مجھے یقین ہے ان کی قیادت میں ہمارے دو قومی تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔سعودی عرب کے لیے نامزد نئے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبر دسمبر 2020 میں پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کے چئیرمین کے طور پر پاک فوج سے ریٹائر ہوئے۔ اس سے قبل وہ کمانڈر 10 کور تھے، جسے کور کمانڈر راولپنڈی کہا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے ہم وطنو! آپ میں سے اکثر یہ جانتے ہیں کہ سعودی عرب میں بطور سفیر پاکستان میری ملازمت اپنے اختتام کو پہنچنے والی ہے۔ یہ میرے لئے ایک بہت ہی عمدہ اور عظیم مرحلہ تھا ، میں نے ایسی سرزمین پر خدمات سرانجام دیں جو پاکستان کے لیے خاص اہمیت کی حامل ہے، میں حکومت پاکستان کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا اور مجھے میرے کام کے دوران ہر ممکن مدد فراہم کی۔

ای پیپر-دی نیشن