ؓبھارت میں کرونا کے او ار، آئی سی سی کیلئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا انعقاد چیلنج بن گیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر )بھارت میں کرونا کے بڑھتے کیسز کے باعث ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا انعقاد خطرے سے دوچار ہوگیا ہے۔ میگا ایونٹ میں حصہ لینے والے دو سے تین ممالک نے بھارت میں کرونا کی ابتر صورت حال کے باعث وہاں کھیلنے پر اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کے کچھ رکن ممالک ایونٹ کو آسٹریلیا منتقل کرانا چاہتے ہیں۔یہی نہیں بھارت میں کرونا وائرس کے شدید پھیلاؤ کے باعث آئی سی سی آفیشل کا چھبیس اپریل کو کیا جانے والا بھارت کا دورہ بھی خطرے سے دوچار ہوگیا ہے، ذرائع آئی سی سی کا کہنا تھا کہ ٹیموں اور صحافیوں کو خطرے میں نہیں ڈالا جا سکتا۔بھارت میں اس وقت روزانہ کی بنیاد پر دو لاکھ سے زائد کرونا کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔ آئی سی سی نے بھارت میں کرونا کی صورتحال کا بغور جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے انعقاد کیلئے آئی سی سی مکمل تسلی کرنے کی خواہشمند ہے کیونکہ عالمی گورننگ باڈی کا ماننا ہے کہ ٹیموں اور براڈ کاسٹرز سمیت دیگر متعلقہ افراد کی صحت اور حفاظت کو خطرے میں نہیں ڈالا جا سکتا۔آئی سی سی کا وفد اگلے چند روز میں بھارت کا دورہ کرے گا لیکن وفد کیلئے موجودہ صورتحال میں بھارت جانا بھی ایک چیلنج قرار دیا جا رہا ہے۔آئی سی سی نے ورلڈ کپ کیلئے بھارت کے 9 مجوزہ وینیوز کا بھی جائزہ لینا ہے، آئی سی سی جائزہ لینے کے بعد وینیوز کا حتمی فیصلہ کرے گا۔