• news

گورنر پنجاب سے جہانگیر ترین گروپ کے ارکان کی ملاقات تحفظات سے آگاہ کیا

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) گورنر پنجاب سے جہانگیر ترین گروپ کے سینئر رہنماؤں کے رابطے سامنے آگئے۔ چودھری سرور نے وزیراعظم عمران خان سے ترین گروپ کے رہنماؤں کی ملاقات جلد یقینی بنانے کے لیے کردار ادا کرنے کا وعدہ کرلیا۔گورنر پبجاب سے جہانگیر ترین گروپ کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض اور صوبائی وزراء اجمل چیمہ، خیال احمد کاسترو سمیت دیگر نے ملاقات کی۔ راجہ ریاض اور دیگر نے گورنر پنجاب کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا۔ چودھری سرور نے یقین دہانی کرائی کہ آپ کے جو بھی تحفظات ہیں ان کو دور کیا جائے گا۔چودھری سرور کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے آپ لوگوں کی ملاقات جلد یقینی بنانے کے لیے کردار ادا کرونگا، پارٹی کا ہر فرد عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتا ہے، ملکی ترقی اور استحکام کیلئے موجودہ حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے، کمزور اور غریب طبقے کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما جہانگیر ترین اسلام لاہور سے اسلام آباد پہنچ گئے ، حامی اراکین اسمبلی کے گروپ کے ہمراہ دو روز تک وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات متوقع ہے ۔ جہانگیر ترین کے حامی گروپ کی جانب سے کسی کمیٹی سے ملاقات کی بجائے وزیر اعظم عمران خان سے براہ راست ملاقات کے اصرار پر امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ آئندہ دو روز تک ان کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات ہو سکتی ہے ۔ جہانگیر ترین اور ان کے حامی اراکین کا گروپ وزیراعظم کو اپنے تحفظات سے آگاہ اورغیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبات پیش کرے گا۔

ای پیپر-دی نیشن