• news

اپوزیشن کرونا میں بھی منفی سیاست سے بازنہ آئی عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر)  وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مری کو پاکستان کا مرکزی سیاحتی مقام ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ کہوٹہ اورکوٹلی ستیاں میں بھی دلفریب قدرتی مناظر سیاحوں کو اپنی طرف کھینچتے ہیں۔ نئے ٹورازم سنٹر سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔ علاقے میں ترقی اورخوشحالی آئے گی اور مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیراعلیٰ  مری میں کوہسار یونیورسٹی اور دیگر منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ  سیاحت کے فروغ پر ہماری پوری توجہ ہے۔  تحصیل مری کی تاریخ میں نئے بلڈنگ بائی لاز نافذ کئے جا رہے ہیں اور نئی تعمیرات پر عائد پابندی بھی اٹھا لی گئی ہے۔ پہاڑی علاقوں کے عوام کیلئے صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنا ہماری ترجیحات میںشامل ہیں۔ سیاحوں  کی سہولت کیلئے جھیکا گلی میں پی پی موڑ پارکنگ پلازہ بنایا جا رہا ہے تاکہ روڈ سائیڈ پارکنگ کی وجہ سے سیاحوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ آنے والے وقت میں ہم راولپنڈی اور مری سمیت پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں کیلئے مزید ترقیاتی منصوبے لائیں گے۔ عثمان بزدار سے  صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعیدالحسن شاہ نے ملاقات کی جس میں اتحاد و یگانگت اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے  کہا کہ وطن عزیز کے مسائل کا حل اتحاد و اتفاق میں مضمر ہے۔ پاک دھرتی کی مٹی ہم سب سے بھائی چارے، مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کا تقاضا کرتی ہے اور سب کو وطن کا یہ قرض اتارنے کیلئے اپنا فرض ادا کرنا ہوگا۔  سیاست کیلئے بہت وقت ہے لیکن اس وقت دکھی انسانیت کے ساتھ کھڑا ہونے کی ضرورت ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کو نازک حالات میں ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ یہ وقت سیاست کا نہیں لیکن بدقسمتی سے اپوزیشن کرونا کے دوران بھی اپنی منفی سیاست سے باز نہیں آئی۔ معیشت مضبوط کرنے کیلئے زمین میں چھپے خزانے بروئے کار لانا ضروری ہے۔ سابق دور میں مائنز اینڈ منرل سیکٹر کو بھی شوباز کی نذر کیا گیا۔ بڑے بڑے دعوے کئے گئے لیکن ایک پائی کا بھی فائدہ نہ ہوا۔ ہماری حکومت نے معدنیات سیکٹر پر خصوصی توجہ دی ہے اور کانوں کی لیز کے حوالے سے یکساں پالیسی اپنائی گئی ہے۔ عثمان بزدار نے ملتان میں کھلے مین ہول میں گر کر بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ وزیراعلیٰ آج تونسہ اور کوہ سلیمان تحصیلوں کا   ایک روزہ  دورہ کریں گے اور مصروف ترین دن گزاریں گے۔ چار ارب کے منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کے ساتھ معززین علاقہ سے ملاقاتیں کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن