شہباز شریف رہا نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ
لاہور (اپنے نامہ نگار سے+ خصوصی نامہ نگار+ مانیٹرنگ نیوز) شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا۔ حمزہ شہباز والد کو لینے کے لئے کوٹ لکھپت جیل پہنچے۔ ان کے ہمراہ مریم اورنگزیب، رانا ثناء اللّٰہ، سعد رفیق، سلمان رفیق اور دیگر نون لیگی رہنما بھی تھے۔ قبل ازیں لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف کی ضمانت کی منظوری کا آرڈر جاری کیا تھا، جس کے بعد ان کی ضمانت کے مچلکے احتساب عدالت نمبر 2 میں پیش کئے گئے۔ شہباز شریف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں 6 ماہ 25 دن قید میں رہے۔ نیب لاہور نے شہباز شریف کو لاہور ہائیکورٹ سے عبوری درخواست ضمانت مسترد ہونے پر 28ستمبر 2020ء کو گرفتار کیا تھا۔ رہائی کے موقع پر کارکنوں نے شہباز شریف پر پھولوں کی پتیاں پھینکی گئیں جبکہ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے اور نعرے لگائے گئے۔ شہباز شریف سے ماڈل ٹاؤن میں مریم نواز‘ حمزہ شہباز‘ سعد رفیق‘ امیر مقام‘ خواجہ احمد حسان‘ سعد رفیق اور دیگر نے ملاقات کی۔ شہباز شریف کے گھر پہنچنے پر انکی نواز شریف سے ٹیلی فون پر بات ہوئی۔ نواز شریف نے شہباز شریف کو رہائی کی مبارکباد دی۔