• news

بروقت اقدامات اور ائرپورٹس پر نگرانی نہ ہونے کی وجہ سے تیسری لہر آئی بلاول

کراچی (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بروقت لاک ڈاؤن کر کے کرونا کے پھیلاؤ کو آسانی سے روکا جاسکتا تھا۔ اپنے بیان میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں کرونا کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وائرس سے جاں بحق افراد کے ورثا سے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پنجاب اور کے پی میں کرونا حکومتی نااہلی کی وجہ سے آج قابو سے باہر ہوچکا ہے، بروقت لاک ڈاؤن کرلیا جاتا تو کرونا کے پھیلاؤ کو بآسانی روکا جا سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بتائیں ایس او پیز پر عملدر آمدکیلئے بنائی گئی ٹائیگر فورس ناکام ہوگئی؟ عمران خان نے کرونا کا شکار ہونے کے باوجود قرنطینہ میں5 رکنی اجلاس کی سربراہی کی، وزیراعظم کرونا کا شکار ہوکر احتیاط نہ کرے تو عام آدمی کیسے ایس او پیز کا خیال کرے گا۔ چیئرمین پی پی نے کہا حکومت چاہتی تو بروقت بڑے پیمانے پر کرونا ویکسین خرید سکتی تھی مگر عمران خان کی کوشش مفت امدادی ویکسین کا حصول رہی، عمران خان کو کرونا ریلیف فنڈ کے ایک ایک روپے کا حساب دینا ہوگا۔ بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کی تیسری لہر ایئرپورٹس پر نگرانی نہ ہونے سے آئی۔ بلاول بھٹو نے کرونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثا سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی تیسری لہر کے پھیلاؤ کے کڑے وقت میں ہیلتھ ورکرز کے ساتھ کھڑا ہے۔ محدود وسائل کے باوجود سندھ حکومت عوام کو کرونا سے بچانے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ دیگرصوبوں کی سندھ حکومت کی طرز پر وبا سے بچاؤ کے اقدامات کرنا ہو گے۔

ای پیپر-دی نیشن