شہباز شریف کو فضل الرحمن کا فون ملکی صورتحال پی ڈی ایم ایجنڈا پر تبادلہ خیال
لاہور (نیوز رپورٹر+مانیٹرنگ نیوز) شہباز شریف سے مولانا فضل الرحمان نے رابطہ کیا ہے۔ ٹیلیفونک رابطے کے دوران امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ نے لیگی صدر شہباز شریف کو رہائی پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے مولانا کا شکریہ ادا کیا اور ان کی مزاج پرسی کی۔ دونوں رہنماوں کا ملک کی مجموعی صورتحال اور پی ڈی ایم کے ایجنڈے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ فضل الرحمن نے (پی ڈی ایم) کا اجلاس بلانے کے حوالے سے شہبازشریف کو اعتماد میں لیا۔ دونوں رہنماوں نے ملک بھر میں کرونا وباکی شدت، ملک میں آکسیجن میں کمی اور اموات کی شرح میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے عوام، پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں سے اظہار تشکر کیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے، جس نے ایک بار پھر ہمیں سرخرو فرمایا اور سچائی کو عیاں کر دکھایا۔ آپ کی دعاؤں، محبتوں اور حمایت پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ آپ کی محبتوں سے بڑا میرے لئے کوئی اثاثہ نہیں۔ میں اپنی بہنوں اور بیٹیوں کا بھی خاص طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے کمال جرات اور دلیری سے ہمیشہ قیادت اور پارٹی کی حمایت کی۔ انشاء اللہ کرونا کی ہلاکت خیزی میں کمی کے ساتھ ہی آپ سب سے ملاقات کے لئے منتظر ہوں۔ آپ سب سے التجا ہے کہ موجودہ سنگین حالات میں اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کو یقینی بنائیں۔