• news

بھارت سمیت دنیا بھر میں کرونا متاثرین کیلئے نیک خواہشات صحت یابی کی دع عمران

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نے بھارت سمیت دنیا بھر کے کرونا متاثرین کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرونا متاثرین کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہوں۔ وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بھارتی عوام سے اظہاریکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی عوام کرونا وباء کی خطرناک لہر سے لڑ رہے ہیں۔ بھارت اور دنیا بھر میں کرونا سے متاثرہ افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔ اس عالمی وباء سے نمٹنے کیلئے ہم سب کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کرونا کی موجودہ لہر کے تناظر میں بھارتی عوام کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ کرونا لہر نے ہمارے خطے کو بری طرح متاثر کیا۔ پاکستانی عوام کی طرف سے بھارت کے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کرونا اس بات کی ایک بار پھر یاددہانی کراتا ہے کہ انسانی ایشوز پر ردعمل سیاست سے ہٹ کر ہونا چاہئے۔ پاکستان اس وباء سے نمٹنے کیلئے سارک ممالک سے تعاون کیلئے کام کرتا رہے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں ہماری دعائیں بھارت کے شہریوں کے ساتھ ہیں۔ خدا ہم سب پر اپنا کرم اور رحم کرے اور یہ مشکل وقت جلد ختم ہو۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ بھارت میں آکسیجن کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے، بھارت میں کرونا کے باعث صورتحال خراب ہے، مشکل وقت میں پاکستان کے عوام بھارت کے ساتھ ہیں، بھارت میں کیسز کی شرح 17، پاکستان میں 11 فیصد ہے، ہمارے اپنے حالات بھی اطمینان بخش نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن