• news

کبھی انتقامی کاروائی نہیں کی تاجائز منافع خوروں کیخلاف کریک ڈائون تیز کیا جائے عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے تونسہ میں معززین علاقہ، عمائدین، پارٹی کارکنوں اور عوام نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فرداً فرداً ہر ٹیبل پر جا کر ’’حال احوال‘‘ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عوام کے مسائل سنے اور درخواستیں وصول کیں اور موقع پر ہی مسائل کے حل کیلئے احکامات دیئے۔ لوگوں نے تونسہ میں اربوں روپے کے منصوبے مکمل کرانے اورنئے منصوبوں کے آغاز پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پسماندہ علاقوں میں سڑکیں بھی بنیں گی۔ ڈیم، ہسپتال اور سکول بھی بنائیں گے۔ ترقیاتی منصوبے پسماندہ علاقوں کے عوام کا حق ہے۔ لاہور میں غریب عوام کا وکیل ہوں اور میرا دل تونسہ اور تمام پسماندہ شہروں کے ساتھ ہے۔ ماضی میں تونسہ ہی نہیں پورے جنوبی پنجاب کو ترقی سے محروم رکھا گیا۔  کبھی بھی انتقامی کارروائی نہیں کی، ہمیشہ میرٹ پر کام کیاہے۔کسی سے زیادتی نہیں کی اور نہ ہونے دیں گے۔ اگر کسی سے زیادتی ہوئی تو میں حساب دینے کو تیار ہوں۔ پنجاب میں پہلی دفعہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کے ذریعے منصفانہ طریقے سے ترقیاتی فنڈز دیئے جا رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب میں 16 نئی سیمنٹ فیکٹریاں لگ رہی ہیں جن میں 3 ڈی جی خان میں ہوں گی۔ کوہ سلیمان میں 132 کے وی گرڈ سٹیشن بنایا جائے گا۔ چوکی والا تا بلوچستان سڑک بننے سے 120 کلومیٹر کا فاصلہ کم ہوگا۔تونسہ سٹیٹ آف دی آرٹ لائیوسٹاک فارم بنائیں گے اورتونسہ میں کیڈٹ کالج بھی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کوہ سلیمان میں عوام سے خطاب کے دوران کرونا سے بچائو کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد کی اپیل کی ہے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ہسپتالوں پر دبائو بڑھ رہا ہے، اموات کی شرح میں اضافہ تشویشناک صورتحال اختیار کر چکا ہے۔ صرف ماسک پہننے سے کرونا سے بچائو ممکن ہے۔ گھر میں رہیں، بلاضرورت باہر جانے سے گریز کریں۔ مارکیٹوں، بازاروں میں رش کی وجہ سے کرونا تیزی سے پھیل رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز اورآکسیجن بیڈز کی تعداد فوری بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ہسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی کو ہر قیمت پریقینی بنایا جائے۔ آکسیجن سپلائی کرنے والی کمپنیوں مسلسل رابطہ رکھا جائے اورطلب ورسدکو دیکھتے ہوئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے ناجائز منافع خوروں اورذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس ضمن میں صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اشیاء ضروریہ کے نرخوں میں خود ساختہ اضافہ قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا۔گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کر کے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس پیش کی جائے۔ ناجائز منافع خوری کے نام پر کسی کو عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دوںگا۔ چینی کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ رمضان پیکیج کی ذاتی طور پر مانیٹرنگ کر رہا ہوں۔ پائی پائی حقداروں تک پہنچائیں گے۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے پاکستان تحریک انصاف کے 25ویںیوم تاسیس پراپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہدپاکستان کی تاریخ میں مثال ہے اور عمران خان نے تحریک انصاف کو تبدیلی کا نقیب بنایا ہے۔ پی ٹی آئی نے آئین نو سے ڈرنے اور طرز کہن پر اَڑنے کی روایات کو توڑا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے یوم تاسیس پر چیئرمین عمران خان اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ سردار عثمان بزدار نے زمبابوے کے خلاف تیسرا ٹی 20 میچ اور سیریز میں فتح پر قومی کرکٹ ٹیم کو بھی مبارکباد دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن