• news

گورنر سرور‘ پرویز الٰہی ملاقات‘ اقلیتی کمشن کی سفارشات پر اظہار تشویش

لاہور (خصوصی نامہ نگار) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں گورنر چودھری سرور اور سپیکر چودھری پرویزالٰہی کا شعیب سڈل کے ایک رکنی اقلیتی کمشن کی تعلیمی نصاب بارے سفارشات پر تشویش کا اظہار جبکہ کرونا سمیت ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری سرور اور چودھری پرویزالٰہی نے عوام سے اپیل کی کہ کرونا کی صورتحال تشویشناک ہے ایس اوپیز پر عمل کریں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کرونا کے پیش نظر ضروری ہو گیا ہے کہ عوام اپنی سرگرمیاں محدود کریں، اس وقت کرونا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے زیادہ سے زیادہ اقدامات کی ضرورت ہے، ہر طبقے کو اس صورتحال میں تعاون کرنا چاہئے۔ گورنر چودھری محمد سرور نے کہا کہ کرونا کے بڑھتے ہوئے مثبت کیسوں کی شرح سے ہسپتالوں پر دبائو بڑھ رہا ہے، خطے میں بھی کرونا کی وجہ سے صورتحال نہایت خطرناک ہو رہی ہے، حکومت ایس او پیز کے موثر نفاذ اور ویکسین لگانے کے عمل کو تیز کر رہی ہے اور ہسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی اور وینٹی لیٹرز کی تعداد کو بھی بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ عوام حالات کی سنگینی کا احساس کریں۔

ای پیپر-دی نیشن