ہوشرباء مہنگائی نے عوام کو مقروض کرکے رکھ دیا: عزیر بھٹی
جوئیانوالہ (نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے ضلعی انفارمیشن سیکرٹری عزیر بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت رمضان المبارک کے مقد س ماہ میں عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ، سستے رمضان بازار عوام کے ساتھ بہت بڑا فراڈ ہیں ہوشرباء مہنگائی نے عوام کو مفلوج اور مقروض کرکے رکھ دیا ہے، حکومت کے تمام دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں، پاکستان کے 22کروڑ عوام موجودہ حکومت سے مایوس اور ناامید ہوچکے ہیں ، اپنے ایک بیان میں عزیر بھٹی نے کہا کہ ڈھائی سال میں پی ٹی آئی کی حکومت نے بارہا اپنے وزراء کے قلمدان تبدیل کئے مگر کارکردگی صفر رہی ، موجودہ حکومت کی ناکام پالیسیوں کی بدولت پاکستان کی معیشت ہچکولے کھارہی ہے، پاکستان میں سیاسی استحکام کا واحد حل حکومت کی رخصتی ہے ، انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران مہنگائی میں بے پناہ اضافہ حکومتی دعوئوں کی نفی ہے سلیکٹڈ حکومت نے عوام کو دیوار سے لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔