وفاقی کابینہ کی کارروائی کو آن لائن نظام پر منتقل کرنے کی تیاری مکمل
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی کابینہ کی کارروائی کو آن لائن نظام پر منتقل کرنے کی تیاری مکمل کر لی گئی، اس ضمن میں تمام کابینہ ارکان کو ٹیبلیٹس پی سی فراہم کر دیئے گئے۔ ذرائع کے مطابق کابینہ ڈویژن کی جانب سے اب تمام وفاقی وزارء کو کابینہ اجلاس کا ایجنڈا، اجلاس میں پیش کی جانے والی سمریاں اور گزشتہ اجلاسوں کی کارروائی کے منٹس بھی آن لائن فراہم کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق کابینہ ڈویژن نے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر کابینہ اجلاس کی کارروائی کو ڈیجٹلائز کرنے کے ضمن میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔ آئندہ سے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی تمام کارروائی آٹومیشن کے نظام کے تحت ہوگی جس سے حکومت کو سالانہ کروڑوں روپے کی بچت ہوگی اس کے علاوہ کابینہ اجلاس کی کارروائی کے لئے کاغذ کا استعمال مکمل طور پر ختم ہو جائے گا جب کہ پرنٹنگ اخراجات کی بھی بچت ہوگی۔ کابینہ ڈویژن کے ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاسوں کی کارروائی کے دوران حساس معلومات کی رازداری بھی یقینی بنائی جاسکے گی اس کے علاوہ آٹومیشن نظام کے تحت دستاویزات کا تحفظ بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ یاد رہے کہ وفاقی کابینہ کے 13 اپریل کو ہونے والے اجلاس میں کابینہ اجلاس کی کارروائی کو ڈیجٹلائز کرنے کی منظوری دی گئی تھی اور کابینہ کو بتایا گیا تھا کہ اس اقدام سے حکومت کو سالانہ 51کروڑ روپے کی بچت ہو گی۔