• news

چونیاں: مقابلہ‘ جھنگ میں ساتھی کی فائرنگ‘ 2 ڈاکو ہلاک

قصور، چونیاں، جھنگ (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگاران) چونیاں میں پولیس مقابلہ کے دوران ایک ڈاکو ہلاک چار فرارہو گئے۔ بائی پاس ڈگری کالج کے قریب پانچ ڈاکو القادری کھل سنٹر پر ڈکیتی کر کے فرار ہوئے شہریوں نے ڈاکوئوں کو گھیر لیا۔ ایک گھنٹہ فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا۔ 15 پر کال سے پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ شہریوں کی کراس فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی حالت میں پولیس نے حراست میں لیا۔ جس کی شناخت مشتاق بیٹو کے نام سے ہوئی۔ زخمی ڈاکو ٹی ایچ کیو ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ ہلاک ڈاکو ریکارڈ یافتہ، متعدد تھانوں کو مطلوب تھا۔ جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق رات کے وقت ساجد نامی کالر نے 15 پر اطلاع دی کہ اپنے دوست کے ساتھ بھٹہ خشت بائی پاس سے واپس آرہے تھے کہ چنیوٹ روڈ بائی پاس کے قریب موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم ملزمان نے روک کر اسلحہ کے زور پر 10 ہزار روپے چھینے، مزاحمت پر نامعلوم ملزم نے فائر کیا جو اسکے اپنے ہی ساتھی ملزم کو لگا جو موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ ساتھی ملزم 10 ہزار روپے، شناختی کارڈ و رائفل لے کر فرار ہو گیا۔ ملزم کے خلاف مختلف تھانوں میں چوری، ڈکیتی اور ناجائز اسلحہ کے 12 مقدمات درج ہیں۔دریں اثناء  نارتھ کراچی میں مبینہ پولیس مقابلہ میں دو ڈاکو  ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ناگن چورنگی  کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ  سے خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔ شہری بنک کے اے ٹی ایم سے پیسے لیکر نکلا تھا۔ مسلح ملزمان نے شہری کو لوٹ کر فرار ہونے کی کوشش کی۔ گشت پر مامور  اہلکاروں نے ڈاکوؤں پر فائرنگ  کی جس سے دونوں ڈاکو ہلاک ہوگئے۔  ہلاک ڈاکوؤں سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن