کرونا حکومت نے ہر ادارہ تباہ کر دیا‘ فوری ویکسین درآمد کی جائے: احسن اقبال
نارووال (نامہ نگار) سیکرٹری جنرل مسلم لیگ (ن) احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو میں کرونا وباء کے حوالے سے حکومت کا آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ 2018ء میں ملک میں یہ کرونا حکومت آئی جس نے ملک کے ہر ادارے کا تباہ وبرباد کر دیا۔ کوئی بھی ادارہ اس قابل نہیں رہا کہ وہ مشکلات میں ساتھ دے سکے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاک فوج کو سلام ہے جو مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔ اس وقت ملک میں کرونا کی تیسری لہر شدت اختیار کر چکی ہے۔ حکو مت وقت پر کرونا ویکسی نیشن کا انتظام کرنے میں ناکام رہی ہے۔ میں مطالبہ کرتا ہوں کہ حکومت فوری ویکسین امپورٹ کرے۔ حکومت کے پاس عیاشی کے لیے پیسے ہیں ویکسین کے لیے نہیں۔ یہ ایک غیر سنجیدہ اور’’کنفیوزڈ‘‘ حکومت ہے۔ اگر کرونا ایس اوپیز کے لیے بھی فوج کی ضرورت ہے تو سول ادارے کس لیے ہیں؟۔ آج ہمیں اشتہار دینا پڑے گا کہ گمشدہ حکومت کدھر ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو بھی برباد کر دیا۔ اس پر بھی سپریم کورٹ ایکشن لے کر طلباء و طالبات کے مستقبل کو بچائے۔ پی ڈی ایم کی تحریک پرزور طریقے سے آگے بڑھے گی۔ کرونا صورتحال کی وجہ سے ہم نے سیاسی سرگرمیوں کو محدود کیا ہے۔ جہانگیر ترین کا ہم سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔ ہم اس بات کا انتظار کر رہے ہیں کہ عمران خان جہانگیر ترین کو این آر او کب دیں گے۔