پی ڈی ایم دفن‘ اگلا الیکشن تحریک انصاف کلین سویپ کریگی: شہباز گل
ملتان (سپیشل رپورٹر) وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا انتقال ہو چکا ہے اور تدفین بھی ہوگئی ہے۔ پی ٹی آئی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر اگلا الیکشن کلین سویپ کرے گی۔ شہباز شریف کے باہر آنے سے ہمیں نہیں بیگم صفدر اعوان کو نقصان ہوا ہے۔ عمران خان نے مافیا پر ہاتھ ڈالا ہے۔ مہنگائی کرنے والوں کو اب نہیں چھوڑیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان پہنچنے کے بعد ڈوگر ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ چیف وہپ قومی اسمبلی وزیر مملکت ملک محمد عامر ڈوگر اور ایم این اے مخدوم زین قریشی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب سے کیا ہوا وعدہ صرف عمران خان نے ہی پورا کیا ہے۔ آج اس خطہ میں 12نئے بڑے ہسپتال بن رہے ہیں جبکہ جنوبی پنجاب کے لئے الگ سے 30سے 33 فیصد تک نوکریوں کا کوٹہ مختص کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جنوبی پنجاب کے لوگوں کو اپنی الگ شناخت ملنے جا رہی ہے۔ عمران خان کسانوں کے لئے بڑا پیکیج لے کر آرہے ہیں۔