• news

ورکنگ باؤنڈری کے قریب  2 مبینہ ڈرونز کی پرواز‘ بھارتی اہلکاروں  کی دوڑیں‘ 15 راؤنڈ فائر کئے 

 پسرور (نامہ نگار) ورکنگ بائونڈری کے پار سے آمدہ اطلاعات کے مطابق  مبینہ طور پر دو ڈرونز آر ایس پورہ علاقے میں دیکھے گئے جنہیں دیکھ کر بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کے جوانوں کی دوڑیں لگ گئیں اور انہوں نے خوف کے مارے 15رائونڈز فائر کردیئے۔ مگر ڈرونز مبینہ طور پر بحفاظت واپس پاکستانی حدود میں اتر گئے۔ جموں لنکس کی رپورٹ کے مطابق بی ایس ایف نے دعویٰ کیا ہے کہ  دونوں ڈرونز آر ایس پورہ سیکٹر کے ارنیہ علاقہ میںپرواز کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ جس پر بی ایس ایف کے جوانوں نے ان پر فائر کھول دیا۔ بی ایس ایف نے الزام عائد کیا ہے کہ ان ڈرونز کے ذریعے  اسلحہ اور منشیات کی ترسیل ہوسکتی ہے۔ ڈرونز  ارنیا کے علاقے میں جبوبول اور وکرم بارڈر چوکی کے قریب اڑتے دیکھے گئے۔ بی ایس ایف کے ایک اہلکار نے بتایا کہ انہیں انتباہ کرنے کے لئے فائرنگ کی گئی  پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی مہم چلائی گئی تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ ڈرونز سے کوئی چیز تو نہیں گرائی گئی۔ تاہم تلاشی کے دوران کوئی قابل اعتراض چیزنہ مل سکی۔ ادھر پاکستانی بارڈر ایریا کے عوام نے بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کے الزامات کو بے بنیاد، خود ساختہ اور مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن