ثقافت کے میدان میں پاکستان سعودی عرب میں تعاون کی ضرورت فواد چودھری
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی اور سعودی وزیر برائے میڈیا امور ڈاکٹر مجید بن عبداللہ الکسابی کی جانب سے دورہ سعودی عرب کا دعوت نامہ دیا۔ اپنے دعوت نامے میں سعودی وزیربرائے میڈیا نے وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کے لئے ماہ رمضان میں سعودی عرب کے دورہ عمرہ ادائیگی، مدینہ منورہ میں مسجد نبویؐ کی زیارت کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین میڈیا تعاون کو مستحکم کرنے کے طریقوں اور ذرائع پر تبادلہ خیال کا بھی موقع فراہم ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے سعودی ہم منصب کی دورہ کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی سعودی عرب کا دورہ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات مشترکہ عقیدے ثقافت اقدار و روایات پر مبنی ہیں۔ میڈیا تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ ملاقات کے دوران ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں پر عمل درآمد پر زور دیا گیا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ثقافت کے میدان میں تعاون ایک دوسرے کے اقدار کو سمجھنے اور دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لانے کے لئے ضروری ہے۔ دونوں فریقین نے کوویڈ 19 کی حالیہ صورتحال اور اس ضمن میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے سعودی سفیر کو کرونا وبا پر قابو پانے کے لئے پاکستان کی سمارٹ لاک ڈائون حکمت عملی سے آگاہ کیا جسے بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی۔