• news

پرویز الٰہی کے مطالبے پر گجرات کے تعلیمی ادارے تا حکم ثانی بند 

گجرات/ لاہور (نامہ نگار+ خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کی گجرات میں کرونا کی بڑھتی ہوئی صورتحال کی نشاندہی پر وباء کے خطرہ کے پیش نظر ضلع گجرات کے تعلیمی ادارے تاحکم ثانی بند رہیں گے۔ سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب نے ضلع گجرات میں تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے کے حوالے سے 25اپریل کو جاری ہونے والا نوٹیفکیشن معطل کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بتایا کہ نئے احکامات کے مطابق ضلع بھر کے تمام سکولز آج سے بند رہیں گے اور حکومت کے احکامات کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ قبل ازیں خصوصی نامہ نگار کے مطابق سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے گجرات میں سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی ادارے کھولنے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا گیا۔ کرونا کی شدت کے پیش نظر ملک میں تعلیمی ادارے بند ہیں۔ گجرات میں بھی فوراً بند کئے جائیں، حتیٰ کہ کیمبرج کے اے، او لیول کے امتحانات سمیت علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے امتحانات بھی ملتوی کر دئیے گئے۔ ان حالات میں گجرات میں سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی ادارے کھولنا کہاں کی عقلمندی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بچوں کے والدین سراپا احتجاج ہیں۔ لاہور، گوجرانوالہ سمیت دیگر اضلاع میں پہلے ہی ایس او پیز پر عملدارآمد نہیں ہو رہا۔ مجبوراً صوبوں کو ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کیلئے فوج کی خدمات حاصل کرنا پڑی ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ خدانخواستہ اگر گجرات میں بچوں کے اندر کرونا کی وباء پھیل گئی تو اس کا ذمہ دار کون ہو گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن