• news

عمران بجلی گیس مہنگی کرنے کی بجائے جہازی سائز کابینہ اخراجات کم کریں بلاول

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بجلی اور گیس کے مہنگے بلوں کے معاملے پر پی ٹی آئی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم گیس اور بجلی کے نرخوں میں مسلسل اضافہ کرکے غریب آدمی پر معاشی بم گرانے کے بجائے اپنی جہازی سائز کابینہ کے شاہانہ خرچے کم کریں۔ آئی ایم ایف نے عمران خان کو بجلی کے بل بڑھانے کی ہدایت کی اور پی ٹی آئی حکومت نے بجلی مہنگی کرنے کا آرڈیننس جاری کردیا۔ وزیراعظم صاحب، بجلی اور گیس کے بل مہنگا کرنے کی ذمہ دار پچھلی حکومتیں نہیں بلکہ آپ خود ہیں۔ میڈیا سیل بلاول ہائوس سے جاری بیان میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ عمران خان نے آئی ایم ایف کی ہدایات پر پاکستانی معیشت کو چلا کر ملکی وقار کو ملیامیٹ کردیا ہے۔ پاکستان کے عوام اپنے بجلی اور گیس کے مہنگے بلوں کے ذریعے عمران خان کی آئی ایم ایف ڈیل میں نااہلی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔ مہنگی بجلی کے صدارتی آرڈیننس اور نیپرا ایکٹ میں ترمیم کے بعد عمران خان عوام کی جیبوں سے 700 ارب روپے سے زائد نکالنے کا منصوبہ بناچکے ہیں۔ انہوں نے کہا 8 روپے یونٹ والے بجلی کے بل پھاڑنے والے عمران خان بجلی 21 روپے یونٹ تک مہنگی کرکے اپنی کارکردگی کے گن گا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن