• news

بزدار اور ایکٹر کی کاکردگی کا کوئی موازنہ نہیں:عمران

ملتان (سپیشل رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھنے‘ ملتان میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور کسان کارڈ کے اجراء کی تقریب سے خطاب  کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ عثمان بزدار کو کیوں وزیراعلیٰ منتخب کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر میڈیا پر تنقید ہوتی ہے۔ سابق وزیراعلیٰ اور عثمان بزدار کے کاموں کا  کوئی موازنہ نہ کیا جائے۔ اڑھائی سال پہلے بالی ووڈ کا ایکٹر کبھی پانی میں بوٹ پہن کر کھڑا ہوتا تھا۔ سابق وزیراعلیٰ نے اربوں روپے تشہیری مہم پر خرچ کئے۔ عثمان بزدار کی اڑھائی سالہ کارکردگی گزشتہ ادوار سے بہتر ہے۔ پاکستان میں چھوٹا سا طبقہ عوام کا خون چوس رہا تھا۔ کمپین چلتی ہے کہ عثمان بزدار وزیراعلیٰ کی اہلیت نہیں رکھتے۔ لندن کے مہنگے علاقوں میں سابق حکمرانوں نے بڑے محلات بنائے۔ لندن کے وزیراعظم کے پاس مہنگے علاقوں میں رہنے کیلئے پیسہ نہیں۔ طاقتور اپنے علاقوں میں پیسہ خرچ کرتے ہیں۔ ماضی کے حکمرانوں نے سرمایہ کاری باہر، سیاست پاکستان میں کی۔ عثمان بزدار میں غریبوں کیلئے درد ہے۔ مجھے ایسا وزیراعلیٰ چاہئے تھا جو لوگوں کے دکھ درد کو سمجھے۔  پنجاب میں غریبوں کی بہتری کیلئے اقدام اٹھائے جا رہے ہیں۔ مجھے وہ آدمی چاہئے تھا جس کا پاکستان کیلئے جینا مرنا ہو۔ اسے چھٹی کیلئے باہر جانا نہ پڑتا ہو۔ لوگوں کو کہتے ہیں پیسہ لیکر آئو، اپنا پیسہ باہر لے گئے۔ شہباز شریف اور عثمان بزدار کی کارکردگی کا کوی موازنہ نہیں ہے۔  پنجاب کے ہر خاندان کو دسمبر تک ہیلتھ کارڈ کا ہدف ہے۔ دیکھیں کس نے کمزوروں کی مدد کی۔ کس نے پبلسٹی پر خرچ کیا۔ ہیلتھ کارڈ سے غریب خاندانوں کو فائدہ ہوگا۔ جدید زراعت کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ کسان جتنا مضبوط ہو گا معیشت اتنی مضبوط ہو گی۔ کسان  کارڈ سے  براہ راست 97 فیصد کسانوں کو فائدہ ہوگا۔ چھوٹے کسان کی مدد کریں گے تو ملک میں خوشحالی آئے گی۔ زرعی شعبہ کی خود قیادت اور مانیٹرنگ کرونگا۔ عالمی رپورٹ کے مطابق خیبر پی کے میں غربت کم ہوئی ہے۔ پہلی بار پسماندہ علاقوں کی ترقی پر توجہ دی جا رہی ہے۔ جنوبی پنجاب پیچھے رہ گیا ہے۔ جنوبی پنجاب کو آبادی کے مطابق نوکریوں کا کوٹہ ملے گا۔ جنوبی پنجاب علیحدہ صوبہ بنے گا۔ ترمیم کی طرف جائیں گے۔ فرانس میں نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم   کی شان میں گستاخی کی گئی۔ ایک جماعت نے کنپٹی پر بندوق رکھ کر کہا فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرو۔ ہمارا ایمان نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کے بغیر مکمل نہیں۔ مسلم ممالک کے سربراہان سے بات کروں گا۔ مسلم ممالک کے سربراہان کو اکٹھا کرنے کا آغاز کر چکے ہیں۔ یورپ میں ہولو کاسٹ پر بات کرنے پر جیل میں ڈال دیا جاتا ہے۔  علاوہ ازیں وزیراعظم سے ارکن قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔  ملاقات میں وفاقی وزراء  شاہ محمود قریشی، مخدوم خسروہ بختیار، معاونین خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، جمشید اقبال چیمہ، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزراء  مخدوم ہاشم جواں بخت، حسین جہانیاں گردیزی اور بڑی تعداد میں مقامی قومی و صوبائی ارکان اسمبلی موجود تھے۔ ملاقات میں جنوبی پنجاب بالخصوص ملتان کے مسائل اور ان کے تدارک کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کی محرومیوں کو دور کرنے کیلئے حکومت کی خصوصی توجہ اس وقت اس علاقے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی پر ہے۔ موجودہ حکومت کو یہ ملک دیوالیہ اور خزانہ تقریباً خالی ملا تھا۔ حکومت کی کوششوں کی وجہ سے ملک اب مثبت سمت کی طرف گامزن ہے۔  مزید وزیرِ اعظم نے پنجاب گورنمنٹ کو کرپشن کی شکایات کے حوالے سے ایک پورٹل بنانے کی ہدایات دیں اور انکوائری کے بعد کرپشن ثابت ہونے والے حکام کو قرار واقعی سزا دینے کی بھی ہدایات دیں۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  کے نام لئے بغیر جہانگیر ترین اور ہم خیال ارکان پر تنقید کرتے کہا ہے کہ جو عمران خان کے بل بوتے پر ٹکٹ لیکر آیا لائن کھینچ دو ادھر ہو جاؤ یا ادھر ‘ تیتر‘ بٹیر نہیں چلے گا۔ کارکن چار ارکان کے بگڑنے پر دھیان نہ دیں۔ کوئی نہیں بگڑے گا۔ کسی نے ہما سر پر نہیں بٹھایا۔ یہ ہماری 22 سال کی جدوجہد ہے۔ پاسداری کیلئے کارکن عمران خان کے ساتھ ہیں۔ بلے کے نشان پر آنے والے لائن کھینچ دیں۔ اقتدار کی پروا نہ  کریں۔ ڈٹ جائیں نظریاتی کارکن آپ کے ساتھ ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن