قوم کو تبدیلی کے نام پر ٹرک کی بتی کے پیچھے لگادیا گیا:سعدوسیم شیخ
قصور(نامہ نگار) قوم سوال پوچھتی ہے کہ ایسے کون سے عوامی ،فلاحی اور انقلابی کام کیے ہیں جس کی وجہ سے وزیرا عظم اپنی ڈھائی سالہ کارکردگی سے مطمئن ہونے کا تاثر دے رہے ہیں۔؟ یہ تو نااہلی اور ہٹ دھرمی کی انتہا ہے۔ عوام کا مہنگائی سے کچومر نکل چکا ہے۔ کوئی ایک ادارہ بھی ایسا نہیں ،جو تسلی بخش کارکردگی کا مظاہرہ کررہا ہو۔ نااہل اور کرپٹ ترین افراد کابینہ میں بیٹھے ہیں۔ آٹا ، چینی اور پٹرول مافیا وزیر اعظم کے اردگرد نظر آتا ہے۔ قوم کو تبدیلی کے نام پر ٹرک کی بتی کے پیچھے لگادیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہارپاکستان مسلم لیگ ن کے ایم این اے سٹی قصورمیاںسعدوسیم شیخ نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ہر طرف مہنگائی ،بے روزگاری اور لاقانونیت نظر آتی ہے۔ حکمرانوں کے معاشی وژن کا یہ حال ہے کہ صرف ڈھائی برسوںمیں چار وزراء خزانہ کو بدل دیا گیا مگر عوام کی حالت پہلے سے زیادہ ابتر ہوتی چلی جارہی ہے۔