ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں تاخیر سندھ ہائیکورٹ نے وزیراعلی وار کابینہ کی تنخواہ روکدی
سکھر (نوائے وقت رپورٹ) سندھ ہائیکورٹ نے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن میں تاخیر کرنے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت پوری کابینہ کی تنخواہ بند کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ سکھر بنچ نے مارکیٹ کمیٹی کے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کی ادائیگی میں تاخیر سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ سماعت پر ایڈووکیٹ سہیل کھوسو پیش ہوئے۔ پنشنرز کے وکیل ایڈووکیٹ سہیل کھوسو نے کہا عدالت کے بار بار احکامات پر ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن نہیں دی جا رہی‘ جس پر عدالت نے عدالتی احکامات پر عمل نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا جب تک ریٹائرڈ ملازمین کو نپشن نہیں ملے گی۔ کابینہ کو بھی تنخواہ نہیں ملے گی۔ سندھ ہائیکورٹ سکھر بنچ نے وزیراعلیٰ سندھ سمیت پوری کابینہ اور چیف سیکرٹری سندھ‘ سیکرٹری ایگری کلچر اور سیکرٹری فنانس کی تنخواہ بند کرنے کا حکم دے دیا اور سماعت 11 مئی تک ملتوی کر دی۔ سندھ ہائیکورٹ سکھر بنچ کے جسٹس آفتاب احمد گورڑ اور جسٹس فہیم احمد صدیقی نے حکم جاری کیا۔