• news

خوشحال پاکستان کرپشن کیخلاف کوششوں سے ہی ممکن: چیئرمین نیب 

اسلام آباد (نامہ نگار) چیئرمین نیب جسٹس  (ر) جاوید اقبال نے کرپشن کے خاتمہ کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ نسلوں کیلئے ایک بہتر اور خوشحال پاکستان کرپشن کے خلاف کوششوں سے ہی ممکن ہے۔  نیب ہیڈ کوارٹرز میں آگاہی و تدارک ڈویژن کی کارکردگی کے جائزہ کیلئے  اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرپشن  ایک ایسی برائی ہے جس کا ارتکاب کرنے والا اپنی حیثیت اور اختیار کا غیر اخلاقی اور ناجائز استعمال کرتے ہوئے ذاتی فوائد سمیٹتا اور بددیانتی کا مرتکب ہوتا ہے۔ کرپشن نہ صرف برائیوں کی جڑ ہے بلکہ یہ ریاست کی معیشت، سماجی انصاف اور معیار زندگی کو بھی بری طرح متاثر کرتی ہے۔  کوئی بھی ملک اگر پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی  اور غیر ملکی سرمایہ کاری کا خواہاں ہے تو اسے کسی بھی قیمت پر کرپشن کو ختم کرنا ہو گا۔  کرپشن معاشرے کو اس بری طرح سے متاثر کرتی ہے کہ اب یہ ملک کیلئے ایک چیلنج بن چکی ہے۔ ترقی یافتہ ملکوں میں ایسے پائیدار اقدامات کئے گئے ہیں جن کے ذریعے کرپشن کم ترین سطح پر آ گئی اس کیلئے انفراسٹرکچر بنایا ہے لیکن ترقی پذیر ملکوں میں ابھی یہ تشکیل کے مرحلہ میں ہے۔  پاکستان میں منی لانڈرنگ، کرپشن، اختیارات کا ناجائز استعمال، معلوم ذرائع آمدن سے زائد اثاثے اور عوام سے دھوکہ دہی بڑے چیلنجز ہیں۔ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے دستور ساز اسمبلی کے پہلے اجلاس میں ہی قوم کو اس مسئلہ سے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ رشوت ستانی اور بدعنوانی  ایک لعنت ہے اور یہ قوم کیلئے زہر قاتل ہے اور ہمیں اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہو گا۔  قومی احتساب بیورو کرپشن کے خلاف جنگ کیلئے تمام فریقین سے مسلسل رابطہ میں رہتا ہے  تاکہ  پاکستانی معاشرہ سے کرپشن کی لعنت کو ختم کیا جا سکے۔  پاکستان کے مستقبل کو روشن اور تابناک بنانے کیلئے نوجوان نسل کو اس معاملہ پر آگاہی فراہم کرنا بہت ضروری ہے اور ہمیں کرپشن کے خاتمہ کیلئے اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن