• news

کرونا مزید سخت اقدامات وبا پر اپوزیشن کی سیاست سنگدلی عثمان بزدار

 لاہور (نیوز رپورٹر+ سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت کرونا سے نمٹنے سے متعلق قائم کابینہ کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں وائرس کی روک تھام کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے مزید ضروری اقدامات پر بھی غور کیا گیا اور اصولی فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب حکومت کرونا ویکسین خود بھی خریدے گی۔ ویکسین خریدنے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کرونا ویکسین خریدنے کیلئے 1ارب 50کروڑ روپے مختص کردیئے ہیں۔ اجلاس میں میڈیکل سٹورز، پٹرول پمپس، ویکسینیشن سینٹرز اور دیگر ضروری سروسز کے سوا تمام سرگرمیاں شام 6بجے تک بند کرنے کی تجویز دی گئی۔ وزیراعلیٰ تجویز کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ کمیٹی جلد اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جم بھی بند رہیںگے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہسپتالوں میں الیکٹو سرجری کو بند کردیا گیا ہے۔ دفاتر میں 50فیصد عملہ حاضر ہوگا۔ ہسپتالوں میں آکسیجن کی سپلائی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے آکسیجن سلنڈر زائد نرخ پر فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آکسیجن سلنڈر کی ذخیرہ اندوزی کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔ اجلاس میں ویکسی نیٹرز اور ڈیٹا انٹری عملے کی بھرتی کی اصولی منظوری دی گئی۔ ویکسین لگانے کیلئے سینٹرز کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ لاہور میں تین نئے سینٹرز بنائے جائیںگے۔ علاوہ ازیںکرونا کی تیسری لہر میں بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر لاک ڈاؤن کا نفاذ کردیا گیا۔ سیکرٹری ہیلتھ کیئر کا جاری نوٹیفکیشن 17 مئی تک نافذ العمل رہیگا۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر سارہ اسلم کے مطابق شام 6 بجے سے صبح سحری تک تمام سرگرمیوں پر پابندی ہو گی۔ صوبہ بھر میں ہفتہ اور اتوار کو مکمل تعطیل ہو گی۔ تمام کاروبار، سرگرمیاں بند رہیں گی۔ پٹرول پمپ، میڈیکل سٹورز، ویکسی نیشن سنٹر، گوشت، سبزی کی دکانوں کو اس نوٹیفکیشن سے استثنا حاصل ہو گا۔ صوبہ بھر میں ان ڈور شادیوں و دیگر تقریبات پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔ ٹرین سروس 70 فیصد مسافروں کے ساتھ جاری رہے گی۔ تمام سرکاری و نجی دفاتر کا 50 فیصد عملہ گھر سے کام کرنے کا پابند ہو گا۔ تمام سرکاری، نجی دفاتر کے اوقات صبح 9 سے دوپہر 2 بجے تک محدود ہوں گے۔ ہر شہری کیلئے گھر سے باہر نکلتے ہوئے ماسک کا استعمال لازم ہو گا۔ پنجاب بھر کے ریسٹورنٹس میں ان ڈور کھانے پر مکمل پابندی ہو گی۔ تمام تفریحی پارکس بند رہیں گے۔ واکنگ، جوگنگ ٹریکس کھلے رہیں گے۔ صوبہ بھر میں تمام جم مکمل طور پر بند رہیں گے۔ پنجاب بھر میں تمام سینما ہالز مکمل طور پر بند رہیں گے۔ ہر قسم کے سپورٹس، ثقافتی تہوار، اجتماعات پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔ شہر کے اندر چلنے والی ٹرانسپورٹ 50 فیصد گنجائش کے ساتھ جاری رہے گی۔ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتے میں 2 دن ہفتہ، اتوار بند رہے گی۔ فردوس عاشق اعوان نے اجلاس کے فیصلوں کی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈریپ سے رجسٹرڈ غیر ملکی کمپنیوں کو اوپن بڈنگ کے ذریعے ویکسین کی فراہمی کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مریم نواز صاحبہ کو اگر اندازہ ہو گیا ہے تو وہ اگلے پانچ سال بھی انتظار کر لیں۔ رمضان کا مہینہ ہے عوام کو سکھ کا سانس لینے دیں۔ علاوہ ازیں کمشنر لاہورڈویژن کیپٹن (ر) محمد عثمان نے اپنے ٹویٹ میں شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کووڈ کی خطرناک صورتحال میں مکمل سختی کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ آج سے شہر میں تمام کاروبار شام چھ بجے مکمل بند ہوں گے، کسی کو کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ پاک آرمی، رینجرز، پولیس کے دستے سمیت تمام قانون نافذ کرنیوالے ادارے گشت کرینگے۔ میڈیکل سٹور، پٹرول پمپ اور ویکسینیشن سنٹرز کے علاوہ کسی کو استشنیٰ حاصل نہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں رمضان پیکیج کے تحت عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات اور پرائس کنٹرول میکانزم پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آٹے، چینی اور اشیاء ضروریہ کی سپلائی و طلب پر بھی غور، گندم خریداری مہم پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ اربوں روپے کے رمضان پیکیج کی پائی پائی حقدار تک پہنچائی جائے گی۔ عثمان بزدار نے اوپن مارکیٹ میں آٹے کی قیمتوں میں استحکام کیلئے فلور ملز ایسوسی ایشن سے رابطے کی ہدایت کی ہے ۔ اوپن مارکیٹ میں آٹے کی قیمتوں میں بلاجواز اضافے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ گراں فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔ ضلع لاہور کیلئے چینی کا کوٹہ بڑھانے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضلع لاہور کیلئے چینی کا کوٹہ7ہزار ٹن کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گندم کی خریداری مہم پر اطمینا ن کا اظہار کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ رواں برس گندم کی اچھی فصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں عام آدمی کے مفادات کا پورا تحفظ کریں گے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرونا وباء پر اپوزیشن جماعتوں کاسیاست کرنا بے حسی اور سنگدلی کی انتہا ہے۔ اپوزیشن جماعتیں حکومت کی مخالفت برائے مخالفت میں انسانی زندگیوں پر بھی پوائنٹ سکورنگ کرنے سے باز نہیںآئیں۔ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کا ہے اور دکھی انسانیت کو تنہا چھوڑ کر سیاست کرنا انتہائی قابل مذمت ہے ۔ اپوزیشن ٹولے کے سینے میں دل نہیں بلکہ اقتدار کی ہوس ہے۔ ان ناعاقبت اندیش عناصر نے کرونا کی دوسری لہر کے دوران بھی عوام کی زندگیوں کی کوئی پروا نہیں کی تھی۔ موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتوں کا رویہ انتہائی مایوس کن ہے۔ پاکستانی قوم اپوزیشن عناصر کے اس غیر ذمہ دارانہ منفی رویے کوکبھی معاف نہیں کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن